Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایران کے وزیرِ داخلہ اسکندر مومنی کی شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقاتیں

پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ایران کے وزیرِ داخلہ اسکندر مومنی نے وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے الگ الگ ملاقات کی۔
منگل کو وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں شہباز شریف نے خلیج میں حالیہ کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فریقین پر زور دیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں۔
وزیراعظم آفس کے مطابق شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ فریقین ایسے اقدامات سے گریز کریں جو خطے میں مزید عدم استحکام کا باعث بن سکتے ہیں۔ 
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ایک دیانت دار اور مخلص ثالث اور سہولت کار کے طور پر اپنا کردار جاری رکھے گا، اور خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنے مضبوط عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای اور صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے لیے اپنی نیک تمناؤں اور احترام کا پیغام پہنچایا۔
ایران کے وزیرِ داخلہ اسکندر مومنی نے اسلام آباد میں اپنے اور اپنے وفد کے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ 
انہوں نے ایرانی قیادت کی جانب سے وزیراعظم کے لیے نیک خواہشات اور خیرسگالی کا پیغام بھی پہنچایا اور کہا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اعلٰی سرکاری حکام پر مشتمل وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔
ایرانی وزیرِ داخلہ نے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ثالثی کی انتھک کوششوں کو سراہا، جن کے نتیجے میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت طے پائی۔ 
انہوں نے سابق سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے جنازے میں شرکت اور دورۂ ایران پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر سید توقیر شاہ، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری اور اعلٰی سرکاری حکام بھی موجود تھے۔
ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے منگل کو ہی جی ایچ کیو راولپنڈی میں پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی، علاقائی و دوطرفہ سکیورٹی، مؤثر بارڈر مینجمنٹ سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی وزیر داخلہ نے علاقائی کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کی مستقل کوششوں کو سراہا
اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کے سفارتی کردار کی تعریف کی۔
انہوں نے پاکستان کو خطے میں امن کے استحکام کا اہم ستون قرار دیا، ملاقات میں علاقائی سلامتی کے لیے قریبی رابطے اور تعاون جاری رکھنے اور باہمی خوش حالی اور علاقائی امن کے لیے تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
 

شیئر: