Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

علاقائی استحکام کے لیے فوجی طاقت نہیں، سفارتکاری درکار ہے: سعودی وزیرِ خارجہ

سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ ’خطے میں حالیہ صورتحال سے واضح ہوا ہے کہ کشیدگی تیزی سے علاقائی حدود عبور کرتے ہوئے عالمی امن، توانائی کی منڈیوں اور اقتصادی ترقی کو متاثر کرتی ہے۔‘
سعودی وزیر خارجہ نے زور دیا کہ سفارتی حل کا کوئی متبادل نہیں، محض عسکری طاقت پائیدار قیام امن کی ضامن نہیں ہو سکتی۔علاقائی استحکام صرف سفارتکاری اور سیاسی حل کے ذریعے حاصل کیا جا سکتا ہے۔‘
الاخباریہ کے مطابق  شہزادہ فیصل بن فرحان نے گلف ریسرچ فورم سے وڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’ ہمارا مقصد محض کشیدگی کو محدود کرنا نہیں ہونا چاہیے بلکہ اصل اور بنیادی وجوہ کا تدارک، باہمی اعتماد کی بحالی اور ایک مضبوط علاقائی نظام کا قیام اہم ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’زیادہ مستحکم علاقائی نظام کے لیے اقوام متحدہ کے چارٹر کو بنیاد بنایا جائے، جس میں ریاستوں کی خود مختاری کے احترام، ان کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت، اچھی ہمسائیگی، بحری جہاز رانی کی آزادی اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری شامل ہے۔‘
شہزادہ فیصل بن فرحان نے مزید کہا کہ ’خود مختاری کے احترام اور عدم مداخلت کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کا احتساب ہونا چاہیے۔‘
خطاب میں انہوں نے کہا کہ ’جارحیت اور بالادستی کی پالیسیاں عدم تحفظ کے احساس کو بڑھاوا دیتی ہیں، خطے کے استحکام اور ترقی و خوشحالی کے منافی ہیں۔‘

شیئر: