فلکی سیاحت: امام ترکی بن عبداللہ رائل ریزرو کا آسمان ستاروں سے روشن
امام ترکی بن عبداللہ رائل ریزر، عظیم صحرائے نفود میں واقع ہے (فوٹو: ایس پی اے)
امام ترکی بن عبداللہ رائل ریزرو کے آسمانوں پر ماہِ رواں میں 11 فلکی وضعیں بن رہی ہیں۔
رائل ریزرو کی اتھارٹی کا کہنا ہے کہ یہ فلکی ہیئتیں، ریزرو کے قدرتی ماحول کی اہمیت کو دو چند کرتی ہیں جس سے یہ جگہ ایسٹرونومی کے شوقین اور محققین کے لیے دلچسپی کا محور بن جاتی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی نے اتھارٹی کے حوالے سے بتایا ہے کہ ڈارک سکائی کی یہ سائٹ جو عظیم صحرائے نفود میں واقع ہے جسے ’ڈارک سکائی انٹرنیشنل‘ کی توثیق بھی حاصل ہے، مملکت کے ان ایریاز میں ہے جہاں روشنی سے پیدا ہونے والی آلودگی انتہائی کم ہے۔
یہی وجہ ہے کہ رائل ریزرو کے آسمان، اپنی شفافیت کی وجہ سے اجرامِ فلکی کے مشاہدے اور فلکی سیاحت کے منصوبوں کے لیے بہت سازگار ماحول فراہم کرتا ہے۔
اجرامِ فلکی کے درمیان مختلف ہیئتوں کی تشکیل کا آغاز دو اپریل کو ہوا جب چاند، بدر بن کر آسمان پر چمک رہا تھا۔
اس کے بعد اگلے روز قمر سپائیکا سے جسے (سماک العزال) بھی کہتے ہیں مقترن ہوا۔ چھ اپریل کو چاند کا قِران اینٹیئرز سے ہُوا جو قلب العقرب میں واقع ہے۔

17 اپریل کو مہتاب، آفتاب کے ساتھ اپنے حالیہ دور کی آخری تربیع مکمل کرے گا۔
اس سے ایک دن قبل چاند، مریخ سے ملے گا جبکہ 19 اپریل کو چاند منزل الثریا میں ہوگا جو عربی ادب اور لوک داستانوں میں مجموعۂ نجوم کے اندر پایا جانے والے ستارے کے طور پر جانا جاتا ہے۔

22 اپریل کو ’لیریڈ‘ کی سالانہ شہابی بارش ہوگی ہوگی اور قمر، مشتری کے ساتھ مقترن ہو جائے گا۔
البتہ چاند 17 اپریل کو اپنے نئے جنم کے بعد، سورج کے ساتھ پہلی تربیع 24 تاریخ کو مکمل کرے گا جبکہ 26 اپریل کو چاند ریگیولس ستارے کے ساتھ ہم کنار ہوگا۔