ولی عہد شہزادہ بن سلمان سے شہباز شریف کا ٹیلی فونک رابطہ، سعودی ٹینکرز پر حملوں کی مذمت
جمعرات 23 جولائی 2026 11:04
جمعرات کی صبح بحیرہ احمر میں سعودی ٹینکر پر حملے کی رپورٹ سامنے آئی تھی، جس میں عملہ محفوظ رہا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے ٹیلی فون پر بات کی ہے جس میں سعودی عرب کے آئل ٹینکرز پر حوثیوں کے حملوں کی مذمت کی گئی۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق یہ ٹیلی فونک رابطہ جمعرات کی صبح ہوا۔
بات چیت کے دوران وزیراعظم نے بحیرہ احمر میں سعودی بحری جہازوں کو نشانہ بنائے جانے کے بزدلانہ اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’اس قسم کی کارروائیاں مکمل طور پر ناقابل قبول اور بین الاقوامی قانون کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہیں جبکہ بحری آمد و رفت اور تجارتی جہاز رانی کے لیے بھی خطرہ ہیں اور ایسی کارروائیوں سے خطے کے امن، سلامتی اور استحکام کو نقصان بھی پہنچتا ہے۔
سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وہ، فیلڈ ماشل عاصم منیر اور پوری پاکستانی قوم اس نازک میں سعودی عرب کی قیادت اور وہاں کے عوام کے ساتھ مضبوطی اور ثابت قدمی کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی، خود مختاری، خطے کی سالمیت اور خوشحالی کے لیے اپنی غیرمتزلزل حمایت جاری رکھے گا۔
شہباز شریف نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو یقین دلایا کہ پاکستان بحیرہ احمر، آبنائے ہرمز اور پورے خطے میں امن، سلامتی، استحکام اور قانونی بحری تجارت کو جاری رکھنے کے لیے سعودی عرب اور عالمی برادری کے ساتھ قریبی تعاون کا سلسلہ جاری رکھے گا۔
اس موقع پر سعودی ولی عہد محمد سلمان نے مضبوط اور مستقل حمایت پر پاکستان اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو سراہا۔
اسی طرح وزیراعظم شہباز شریف نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز ال سعود کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان کے لیے خیرسگالی کا پیغام بھی دیا۔
