سعودی عرب کے جہاز پر بحیرہ احمر میں حملہ، عملہ محفوظ
جمعرات 23 جولائی 2026 6:41
سعودی ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی کے ایک عہدیدار کے مطابق ’ایسے حملے بین الاقوامی قوانین اور قائم شدہ اصولوں کی خلاف ورزی ہیں۔‘ (فائل فوٹو: ے ایف پی)
بحیرہ احمر میں سعودی ملکیت کے جہاز اینسیلیا پر حملے سے آگ لگ گئی، تاہم واقعے میں کسی عملے کے رکن کو نقصان نہیں پہنچا۔
عرب نیوز نے جمعرات کی صبح الاخباریہ کے حوالے سے کہا کہ ’متعلقہ حکام نے جہاز کو محفوظ بنانے، عملے کی حفاظت کرنے اور سمندری ماحول کو بچانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے ہیں۔‘
سعودی ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی کے ایک عہدیدار کے مطابق ’ایسے حملے بین الاقوامی قوانین اور قائم شدہ اصولوں کی خلاف ورزی ہیں جو تجارتی جہاز رانی اور اس کے عملے کی حفاظت کی ضمانت دیتے ہیں۔‘
اس سے قبل برطانوی بحری سلامتی مانیٹر یو کے ایم ٹی او نے کہا تھا کہ ایک ٹینکر نے اطلاع دی ہے کہ اسے سعودی عرب کے مغربی ساحل پر الشقیق سے تقریباً 70 سمندری میل جنوب مغرب میں ایک میزائل نے نشانہ بنایا۔ یمن کے حوثی باغیوں نے کہا ہے کہ وہ مملکت پر بحری ناکہ بندی نافذ کر رہے ہیں، جسے خطے کے ممالک نے سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
