سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیرِاعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے وزیرِاعظم پاکستان شہباز شریف نے منگل کو ٹیلی فون پر گفتگو کی اور خطے میں جاری کشیدگی پر تبادلۂ خیال کیا۔
وزیراعظم آفس کے مطابق شہباز شریف نے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی غیرمتزلزل یکجہتی اور مکمل حمایت کا اعادہ کیا اور منگل کو سعودی عرب میں الجبیل کی تیل تنصیب پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کی۔
انہوں نے ولی عہد کو یقین دلایا کہ پاکستان کی حکومت اور عوام ہمیشہ اپنے سعودی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ اُسی طرح شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے جس طرح سعودی قیادت اور عوام نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔
وزیرِاعظم نے موجودہ کشیدگی کے دوران سعودی قیادت کی جانب سے تحمل اور دانش مندی کے مظاہرے کو سراہا اور کہا کہ پاکستان دیگر ممالک کے ساتھ مل کر امن کی کوششوں کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے مشرقِ وسطیٰ کی صورت حال میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی سفارتی کاوشوں سے بھی ولی عہد کو آگاہ کیا۔
شہباز شریف نے خادم الحرمین الشریفین، شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
سعودی ولی عہد اور وزیرِاعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے خطے میں امن و استحکام کی بحالی کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔