گُھڑ سواری کی سیاحت: العلا کے آثارِ قدیمہ اور سرسبز نخلستانوں کے درمیان ایک یادگار سفر
جمعرات 23 جولائی 2026 12:01
العلا کمشنری نے اپنے منفرد مناظر اور ہزاروں برس قدیم ثقافتی ورثے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مملکت کے گھڑ سواری کے لیے نمایاں سیاحتی مقام کے طور پر اپنی پوزیشن کو مضبوط بنایا ہے۔
ایک ایسا تجربہ جو قدرتی مناظر، تاریخی ورثے کے مقامات، منفرد چٹانوں اور سرسبز نخلستان کے ایکسپوزر کے ساتھ گھڑ سواری کو یکجا کرتا ہے۔
گھڑ سواری کی سیاحت صرف اس کھیل تک محدود نہیں بلکہ یہ ایک مکمل ثقافتی اور سیاحتی تجربہ بھی فراہم کرتی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق العلا رائل کمیشن کی جانب سے گھڑ سواری کی سیاحت کو فروغ دینے کے لیے گھڑ سواری کے راستے کے ساتھ مربوط انفراسٹرکچر تیار کر رہا ہے۔
قدرتی مناظر، آثارِ قدیمہ، چٹانی ساختوں اور سرسبز نخلستانوں سے گزرتے ہوئے خصوصی ٹریکس بنائے گئے ہیں جو گھڑ سواروں کو منفرد نظارے سے ہم آہنگ کرتے ہیں۔

گھڑ سواری پر مبنی سیاحت میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ اس کے تحت چند گھنٹوں سے لے کر کئی روز تک جاری رہنے والے منظم سفری پروگرام بھی آفر کیے جاتے ہیں۔
رائل کمیشن نے اصطبل اور گھڑ سواری کی خدمات فراہم کرنے والے اداروں کے لیے لائسنس جاری کیے ہیں جس کا مقصد تمام سرگرمیاں ضوابط کے مطابق منظم کرنا ہے۔
گھوڑوں کی دیکھ بھال کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔ متعلقہ اداروں کے تعاون سے خصوصی تقریبات اور مقابلوں کے دوران گھوڑوں کے لیے ویٹرنری ہسپتال بھی قائم ہے۔

گھڑ سواری کے شعبے کی ترقی کے لیے فرسان ویلج کا بھی اہم کردار ہے جسے مرحلہ وار تعمیر کیا جا رہا ہے۔ یہاں تربیتی پروگرام، گھڑ سواری کے مختلف تجربات اور متعدد تقریبات کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے۔
خیال رہے العلا میں ہر برس گھڑ سواری کے اہم مقابلوں کا بھی انعقاد کیا جاتا ہے۔ رائل کمیشن برائے العلا، وزارت سپورٹس اور سعودی ایکویسٹرین فیڈریشن کے تعاون سے نمایاں چیمپیئن شپس میں فرسان اینڈ یورنس کپ، العلا ڈیزرٹ پولوچیمپئن شپ، العلا انٹرنیشنل ٹینٹ پیگنگ چیمپئن شپ اور تیر اندازی کے مقابلے شامل ہیں۔
