جدہ تاریخیہ میں زاویہ 97، ہنرمندوں اور تخلیقی مہارتوں کی ایک پُرونق منزل
جدہ تاریخیہ کے علاقے میں زاویہ 97، تخلیقی ورکشاپس کے ایک متنوع پروگرام کے ذریعے دستکاری، فن اور انٹرایکٹیو تجربات کو ایک مقام پر اکٹھا کر رہا ہے۔
زاویہ 97، جدہ تاریخیہ میں ثقافتی سرگرمیوں کی ایک پُر رونق اور متحرک منزل ہے۔ اس کے نام کی وجۂ تسمیہ یہ ہےکہ اِس کا جدہ سے مکے تک کا ارضی زاویہ ٹھیک 97 درجے ہے۔ یہ مقامی دستکاروں، ہنرمندوں اور تخلیقی مہارتوں کے حامل افراد کو اپنی صلاحیتیں دکھانے اور انھیں بڑھانے کے مرکز کا کام کرتا ہے۔ یہاں باقاعدگی سے کمیونٹی کی تقاریب کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے جن میں مختلف پروگراموں اور ورکشاپس کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق گرمیوں کا موجودہ پروگرام ایسے ترتیب دیا گیا ہے کہ مملکت کے ثقافتی ورثے سے تحریک حاصل کر کے مختلف مہارتوں کو بہتر بنانے والے افراد کو ایسا ماحول فراہم کیا جائے جس میں اُن کے روایتی فن کو نئے انداز میں پیش کیا جائے اور دستکاروں کی تخلیقی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔
اس پروگرام میں ہر عمر کے شرکا کے لیے عملی ورکشاپس کا اہتمام کیا گیا ہے جہاں دستی کشیدہ کاری کے بنیادی طریقے، مربع کوفی خطاطی اور اِس پر سونے کا پانی چڑھانا، شیشے کا موزیک آرٹ، بخور اور عطر سازی، لکڑی اور فرنیچر کی زیبائش کا فن، قدرتی مواد سے تسبیح سازی، واٹر کلر پینٹنگ کے مبادیات کا علم، صابن اور چمڑے کی مصنوعات بنانا اور تصویر کو کپڑے پر اتار کر کڑھائی کرنے جیسی دستکاریوں کے بارے میں تربیت دینا شامل ہیں۔
ہر ورکشاپ میں عملی تجربے پر زور ہے اور ایسی تخلیقی صلاحیتوں کے اظہار کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے جن میں ذاتی انداز کی جھلک پائی جاتی ہے۔

یہ ورکشاپس، زاویہ 97 کے، دستکاریوں کو زندہ تجربے میں تبدیل کرنے کے وژن کو نمایاں کرتی ہیں اور اِس بات کی عکاس ہیں کہ دستی ہنر اور مہارتیں صرف نمائش کے لیے نہیں ہیں۔
تخلیقی صلاحیتیں رکھنے والوں اور دستکاروں کو ایسے ماحول میں ایک مقام پر لے آنا جہاں سیکھنے کے بھر پور مواقع ہوں اور تجربات، تخلیق اور باہمی میل جول پر اُن کی حوصلہ افزائی کرنے سے، یہ پروگرام شرکا کو روایتی مہارتوں سے جوڑ دیتا ہے اور اِن (مہارتوں) کی ثقافتی اور تخلیقی قدر کو اجاگر کرتا ہے۔

یہ سمر پروگرام، اس بات کو تقویت دیتا ہے کہ زاویہ 97 ، جدہ تاریخیہ کی ایک ایسی زندہ دل ثقافتی منزل ہے جہاں تعلیم، تخلیقی مشق اور روایتی مہارتوں کا خوبصورت امتزاج پایا جاتا ہے۔ یہاں آنے والوں کو زاویہ 97 کے پروگراموں میں براہِ راست شرکت سے ثقافتی ورثے کے تجربے کا موقع ملتا ہے۔
یہ پروگرام، زاویہ 97 کے روایتی دستکاری کی بحالی، تخلیق کاروں کو بااختیار بنانے اور مملکت کی ثقافتی اور تخلیقی صنعتوں کو ترقی دینے کے پیغام کو بھی آگے بڑھاتا ہے۔