وژن 2030: عالمی سطح پر جدہ تاریخیہ کی مقبولیت اور سیاحتی کشش میں اضافہ
جدہ تاریخیہ میں 120 سے زیادہ سرمایہ کاری کے مواقع کی منظوری دی گئی (فوٹو: ایس پی اے)
جدہ تاریخیہ، اہم سنگِ میل حاصل کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے، جس کے باعث مملکت کے نمایاں ثقافتی اور سیاحتی مقامات میں اس کا مقام مزید مستحکم ہوا ہے جبکہ عالمی سطح پر تسلیم شدہ ورثے کے مقام کے طور پر اس کی حیثیت بھی مزید مضبوط ہوئی ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزارت ثقافت کی جانب سے وژن 2030 کے اہداف سے ہم آہنگ متعدد منصوبوں اور اقدامات پر عمل کیا گیا جس کا مقصد جدہ کی قدیم و تاریخی عمارتوں اور ورثے کا تحفظ، عوامی سہولتوں کی بہتری اور تاریخی عمارتوں کی بحالی تھا۔
2025 کے دوران جدہ کے قدیم تاریخی علاقے میں 120 سے زیادہ سرمایہ کاری کے مواقع کی منظوری دی گئی جبکہ 850 سے زائد نئی کمرشل سرگرمیوں کا آغاز ہوا۔ اس کے علاوہ علاقے میں 10 ہزار مقامی شہریوں کے لیے نئی ملازمتوں کے مواقع بھی پیدا کیے گئے۔
ساحلی شہر کے عمرانی ورثے کے تحفظ کے حوالے سے 28 تاریخی عمارتوں کا ریکارڈ مکمل کیا گیا جبکہ آثار، عجائب گھر اور عمرانی ورثے کے نظام کے تحت رجسٹرڈ عمارتوں کی تعداد 717 تک پہنچ گئی۔
تاریخی علاقے کی 30 قدیم عمارتوں کی بحالی کا کام مکمل کیا گیا جن کا مجموعی رقبہ 24 ہزار مربع میٹر سے زائد تھا۔

اس دوران 2 ہزار 600 مکعب میٹر سے زائد مونگی کی چٹانوں ’منقبی‘ کو اصلاح کے بعد دوبارہ استعمال کیا گیا۔ تاریخی علاقے میں 48 عوامی مقامات اور سہولتوں کو ان کی قدیم طرز کو بحال رکھتے ہوئے عصری تقاضوں کے تحت استوار کیا گیا۔
آثار قدیمہ کے شعبے میں کھدائی کے دوران 6 ہزار 700 سے زائد نوادارات دریافت کیے گئے جبکہ 18 سے زائد آثار قدیمہ کے مقامات پر کام جاری ہے۔
اسی دوران چار آثار قدیمہ کے مقامات کو عوام کے لیے کھول دیا گیا جہاں سال بھر میں 12 ہزار 500 سے زیادہ افراد کی آمد ریکارڈ کی گئی۔

یہ کامیابیاں جدہ کے تاریخی علاقے کی بحالی، اس کی ثقافتی اور عمرانی شناخت کے تحفظ اور اسے عالمی سطح پر نمایاں مقام دلانے کے لیے جاری کوششوں کی عکاس ہیں۔
یہ اقدامات مملکت کے اس عزم کی عکاسی کرتے ہیں کہ قومی ثقافتی ورثے کو محفوظ رکھتے ہوئے اسے پائیدار اقتصادی و سماجی ترقی، معیارِ زندگی میں بہتری اور ایک متحرک شہری ماحول کے فروغ کے لیے بروئے کار لایا جائے۔
