Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان اور ویسٹ انڈیز ٹیسٹ میچ میں مدمقابل، بابر اعظم کا پہلا امتحان

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ آج (سنیچر) کو ٹرینیڈاڈ کے برائن لارا سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق برائن لارا سٹیڈیم کی تاریخ کا یہ پہلا ایسا موقع ہے یہاں ٹیسٹ کرکٹ میچ کا انعقاد ہونے جا رہا ہے۔
برائن لارا سٹیڈیم اس سے قبل ون ڈے انٹرنیشنل، ٹی20 انٹرنیشنل اور ریجنل فرسٹ کلاس میچز کی میزبانی کر چکا ہے تاہم یہ پہلا موقع ہوگا کہ اس میدان میں ٹیسٹ میچ بھی کھیلا جائے گا۔
اس کے ساتھ ہی یہ ٹرینیڈاڈ کا دوسرا اور ویسٹ انڈیز کا مجموعی طور پر 13واں ٹیسٹ وینیو بن جائے گا تاہم سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ ایک ہفتے بعد پورٹ آف سپین کے کوئینز پارک اوول میں کھیلا جائے گا۔
ویسٹ انڈیز کی ٹیم حالیہ عرصے میں سری لنکا کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز میں کامیابی کے بعد پُراعتماد ہے۔ کپتان روسٹن چیز کی قیادت میں ویسٹ انڈیز نے پہلے ٹیسٹ میں سری لنکا کو ایک اننگز اور 217 رنز سے شکست دی، جبکہ دوسرا ٹیسٹ ڈرا ہوا، جس کے ساتھ میزبان ٹیم نے سیریز 0-1 سے اپنے نام کی۔
اگرچہ روسٹن چیز نیوزی لینڈ کے خلاف حالیہ ون ڈے سیریز میں انگلی کی انجری کے باعث شریک نہیں تھے، تاہم ویسٹ انڈیز کے ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی نے امید ظاہر کی ہے کہ وہ پہلے ٹیسٹ کے لیے مکمل طور پر فٹ ہوں گے۔
دوسری جانب پاکستان کی ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف 2-0 سے سیریز ہارنے کے بعد نئے کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اتر رہی ہے۔ سلیکٹرز نے ایک بار پھر سکواڈ میں تبدیلیاں کرتے ہوئے بابر اعظم کو دوبارہ ٹیسٹ کپتان مقرر کیا ہے، جبکہ شان مسعود کی جگہ نئی قیادت کے ساتھ ٹیم اپنی خراب کارکردگی سے نکلنے کی کوشش کرے گی۔
وارم اپ میچ میں بابر اعظم اور اوپنر اذان اویس نے سنچریاں سکور کیں، جبکہ فاسٹ بولر محمد علی نے پہلی اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کرکے عمدہ فارم کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان کو امید ہے کہ محمد علی کی قیادت میں نیا پیس اٹیک بیرون ملک مسلسل سات ٹیسٹ میچز میں شکستوں کا سلسلہ ختم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان آخری ٹیسٹ سیریز 2025 میں ملتان میں کھیلی گئی تھی، جو 1-1 سے برابر رہی جبکہ سنہ 2021 میں کیریبین میں ہونے والی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز بھی 1-1 سے ختم ہوئی تھی۔
ماہرین کے مطابق جنوبی کیریبین میں جولائی اور اگست کے دوران بارشوں کا امکان رہتا ہے، جس کے باعث سیریز کے دوران موسم بھی اہم کردار ادا کر سکتا ہے، اگرچہ پہلے ٹیسٹ سے قبل ٹرینیڈاڈ میں موسم گرم اور صاف ہے۔

عبداللہ فضل سیریز سے باہر

پاکستانی بیٹر عبداللہ فضل ٹرینیڈاڈ میں برائن لارا کرکٹ اکیڈمی گراؤنڈ میں 23 جولائی کو ٹریننگ سیشن کے دوران کمر کے نچلے حصے میں شدید انجری کا شکار ہونے کے باعث ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز اور انگلینڈ کے خلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔
پی سی بی کے ترجمان کے مطابق ایم آر آئی سکین اور طبی معائنے کے بعد ٹیم کے میڈیکل پینل نے تصدیق کی ہے کہ عبداللہ فضل کو بحالی (ری ہیبیلیٹیشن) کے لیے کچھ عرصہ درکار ہوگا، جبکہ ویسٹ انڈیز کے خلاف باقی ٹیسٹ میچوں کے لیے ان کے متبادل کا اعلان ضرورت پڑنے پر بعد میں کیا جائے گا۔

شیئر: