سپورٹس سیکٹر کانفرنس میں اہم کامیابیوں کا جائزہ
کانفرنس میں بتایا گیا کہ ریاض کے کنگ فہد انٹرنیشنل سٹیڈیم میں ترقیاتی کام جاری ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
وزارتِ کھیل کے زیرِ اہتمام کھیلوں کے شعبے کی باقاعدہ کانفرنس میں گزشتہ روز سپورٹس کلبوں، سہولیات اور آئندہ سیزن کی تیاریوں سے متعلق پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق کانفرنس میں مملکتِ سعودی عرب میں کھیلوں کے شعبے کی معاونت کے لیے مختلف پروگراموں اور اقدامات کے تحت حاصل ہونے والی اہم کامیابیوں کو اجاگر کیا گیا۔
کھیلوں کی سہولیات کے حوالے سے اپ گریڈیشن اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کے حوالے سے کانفرنس میں بتایا گیا کہ وزارتِ تعلیم کے تعاون سے تیار کیے گئے امام محمد بن سعود اسلامی یونیورسٹی سٹیڈیم کا کام مکمل کر لیا گیا ہے جس کے بعد سٹیڈیم کی گنجائش بڑھ کر 25 ہزار سے زائد نشستوں تک پہنچ گئی ہے۔
کانفرنس میں مزید بتایا گیا کہ ریاض کے کنگ فہد انٹرنیشنل سٹیڈیم میں ترقیاتی کام جاری ہیں۔ پہلے مرحلے میں سٹیڈیم کو 2027 کے اے ایف سی ایشین کپ کی میزبانی کے لیے تیار کیا جا رہا ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں فیفا کی جانب سے اعلان کردہ اپ گریڈیشنز پر توجہ دی جائے گی تاکہ اسے 2034 کے فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی کے لیے تیار کیا جا سکے۔
کانفرنس میں مزید بتایا گیا کہ ورلڈ کپ کے میچوں کی میزبانی کے لیے مختص بیشتر سٹیڈیمز کو اعلیٰ ترین معیارات کے مطابق تعمیر کیا جائے گا۔ کنگ فہد انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کئی جدید ٹیکنالوجیز کو پہلی مرتبہ استعمال کیا جائے گا۔
کانفرنس میں کلبز سپورٹ سٹریٹیجی پروگرام کے آغاز سے اب تک حاصل ہونے والی کامیابیوں کا جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ کمرشل ریونیو میں اضافے کے اقدام پر بھی روشنی ڈالی گئی جس میں تجارتی سرگرمیوں اور سپانسرشپس سے حاصل ہونے والی آمدنی شامل ہے۔