Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

المخواہ میں ’القافلہ‘ واک وے، کھیل اور تفریح کے لیے بہترین مقام

اس مقام پر 500 میٹر طویل واک وے اور سکوٹر و سائیکلوں کے لیے 500 میٹر طویل ٹریک بنایا گیا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
المخواہ میونسپلٹی نے القفیل کے علاقے میں واک وے، کھیل کے میدانوں اور سبزہ زاروں (گرین سپیسز) کی ترقی اور بحالی کا کام مکمل کر لیا ہے جو تقریباً 27 ہزار مربع میٹر کے کل رقبے پر محیط ہے۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق اس پروجیکٹ کا مقصد رہائشیوں اور سیاحوں کے لیے جگہ فراہم کرنا اور کھیلوں و تفریحی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔
اس مقام پر 500 میٹر طویل واک وے اور سکوٹر و سائیکلوں کے لیے 500 میٹر طویل ٹریک بنایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ چار ہزار مربع میٹر رقبے پر فٹ پاتھ اور راستے تعمیر کیے گئے ہیں تاکہ آنے والوں کے لیے نقل و حرکت اور سہولیات تک رسائی آسان ہو سکے۔
ترقیاتی کاموں میں 3,300 مربع میٹر کے کل رقبے پر پھیلے ہوئے کھیل کے میدان شامل ہیں جن میں مصنوعی گھاس والا فٹ بال کا میدان، والی بال کا کورٹ اور فلڈ لائٹس کا نظام شامل ہے۔
سبزہ زار آٹھ ہزار مربع میٹر سے زائد رقبے پر محیط ہیں جن میں 70 سے زائد درخت لگائے گئے ہیں۔ میونسپلٹی کا ارادہ ہے کہ مستقبل میں مزید درخت لگائے جائیں تاکہ سبزہ زاروں میں اضافہ ہو اور علاقے کی خوبصورتی بڑھے۔ اس مقام پر آرائشی لائٹس اور مرد و خواتین کے لیے الگ الگ واش رومز بھی بنائے گئے ہیں۔
ان کاموں میں پارک اور واک وے کے اطراف تقریباً چھ ہزار مربع میٹر کی دیواروں کی تجدید بھی شامل ہے۔ علاقے کے روایتی طرزِ تعمیر کو برقرار رکھتے ہوئے دیواروں کو قدرتی پتھروں کے خوبصورت نمونوں سے سجایا گیا ہے۔
 

یہ پروجیکٹ المخواہ میونسپلٹی کی ان کوششوں کا حصہ ہے جن کا مقصد عوامی سہولیات اور مقامات کو بہتر بنانا، سبزہ زاروں کو بڑھانا، اور کھیل و تفریح کی ایسی سہولیات فراہم کرنا ہے جو عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے اور اس گورنریٹ کو مزید پرکشش بنانے میں مددگار ثابت ہوں۔

 

شیئر: