Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایپل کے نئے آئی فون 18 سیریز کے پری آرڈرز کب شروع ہوں گے؟

نئے فونز کی فروخت 18 ستمبر سے شروع ہونے کا امکان ہے (فوٹو: گیٹی)
مشہور ٹیکنالوجی کمپنی ’ایپل‘ کے نئے ’آئی فون 18 پرو‘، ’آئی فون 18 پرو میکس‘ اور کمپنی کے پہلے فولڈ ایبل آئی فون کی لانچ سے متعلق اہم معلومات سامنے آگئی ہیں۔
’فوربز‘ کے مطابق ’ایپل‘ ستمبر میں اپنی نئی آئی فون سیریز متعارف کرانے کی تیاری کر رہا ہے، تاہم لانچ ایونٹ کی تاریخ کے حوالے سے مختلف اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ’آئی فون 18 پرو‘ کی لانچ تقریب نو ستمبر کو ہونے کا امکان ہے۔
’ایپل‘ کا خصوصی ایونٹ کیلیفورنیا کے شہر کیوپرٹینو میں واقع کمپنی کے ہیڈکوارٹرز کے سٹیو جابز تھیٹر میں ہوگا، جہاں تقریب پاکستانی وقت کے مطابق رات کے اوقات میں شروع ہونے کا امکان ہے۔
ایک آسٹریلوی ویب سائٹ ’چینل نیوز‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایپل آٹھ ستمبر کو اپنے پہلے فولڈ ایبل آئی فون کی نقاب کشائی کرے گا، تاہم یہ ڈیوائس فوری طور پر مارکیٹ میں دستیاب نہیں ہوگی اور سپلائی، ٹیسٹنگ اور قیمت سے متعلق مسائل کے باعث بعض ممالک میں اس کی دستیابی میں کئی ماہ لگ سکتے ہیں۔
تاہم رپورٹ میں موجود تجزیے کے مطابق آٹھ ستمبر کی تاریخ کم امکان رکھتی ہے، کیونکہ ’ایپل‘ نے ماضی میں امریکی لیبر ڈے کے اگلے روز آئی فون کی لانچ تقریب منعقد نہیں کی۔ اس سال لیبر ڈے سات ستمبر کو ہوگا، اس لیے نو ستمبر کی تاریخ زیادہ ممکنہ قرار دی جا رہی ہے۔
متوقع شیڈول کے مطابق ایپل 12 ستمبر کو ’آئی فون 18 پرو‘ کے پری آرڈرز شروع کر سکتا ہے، جبکہ نئے فونز کی فروخت 18 ستمبر سے شروع ہونے کا امکان ہے۔

’ایپل‘ کا نیا آپریٹنگ سسٹم ’آئی او ایس 27‘ بھی 14 ستمبر کو جاری کیے جانے کی توقع ہے (فائل فوٹو: یوٹیوب)

اسی دوران ایپل کا نیا آپریٹنگ سسٹم ’آئی او ایس 27‘ بھی 14 ستمبر کو جاری کیے جانے کی توقع ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ سافٹ ویئر صرف ’آئی فون 18 سیریز‘ تک محدود نہیں ہوگا بلکہ ’آئی فون 11‘ سے لے کر ’آئی فون 17 سیریز‘ تک متعدد ماڈلز کو بھی سپورٹ کرے گا۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایپل کا ’فولڈ ایبل آئی فون‘، جسے بعض رپورٹس میں ممکنہ طور پر ’آئی فون الٹرا‘ کہا جا رہا ہے، ’آئی فون 18 پرو‘ اور ’آئی فون 18 پرو میکس‘ کے ساتھ متعارف کرایا جا سکتا ہے۔ تاہم اس کی مارکیٹ میں دستیابی کی تاریخ مختلف ہونے کا امکان بھی موجود ہے۔
یہ تمام تاریخیں فی الحال متوقع ہیں اور ایپل کی جانب سے باضابطہ اعلان سامنے آنا باقی ہے۔

شیئر: