’فولڈایبل آئی فون ایک حقیقت‘، چھ اہم فیچر کون سے ہوں گے؟
نئی ڈیوائس ایک عام آئی فون کی پورٹیبلٹی اور آئی پیڈ جیسی بڑی سکرین کو یکجا کرے گی (فوٹو: مارکر ورلڈ)
ایپل کی جانب سے برسوں کی قیاس آرائیوں کے بعد آخرکار پہلے فولڈایبل آئی فون کی تیاری کی اطلاعات سامنے آ گئی ہیں۔
گیکی گیجٹس کے مطابق کمپنی جلد آئی فون الٹرا فولڈ متعارف کرا سکتی ہے جو سمارٹ فون اور ٹیبلٹ کے امتزاج کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔
یہ نئی ڈیوائس ایک عام آئی فون کی پورٹیبلٹی اور آئی پیڈ جیسی بڑی سکرین کو یکجا کرے گی جس سے صارفین کو ایک ہی ڈیوائس میں زیادہ سہولت اور ملٹی ٹاسکنگ کا تجربہ مل سکے گا۔
رپورٹس کے مطابق آئی فون الٹرا فولڈ کتاب کی طرح فولڈ ہونے والے ڈیزائن کے ساتھ آئے گا۔ بند حالت میں اس کی بیرونی سکرین 5.4 انچ ہوگی جو ایک ہاتھ سے استعمال کے لیے موزوں سمجھی جا رہی ہے جبکہ کھولنے پر اندرونی سکرین 7.6 سے 7.8 انچ تک پھیل جائے گی، جو تقریباً ایک آئی پیڈ منی جیسا تجربہ فراہم کرے گی۔
ڈیزائن کے حوالے سے کہا جا رہا ہے کہ ڈیوائس میں انتہائی باریک ٹائٹینیم فریم استعمال کیا جائے گا تاکہ اسے مضبوط ہونے کے ساتھ ہلکا بھی رکھا جا سکے۔ اس کے علاوہ فولڈنگ سکرین میں کریز یا شکن نہ ہونے کے برابر ہوگی، جس سے ویڈیو دیکھنے اور گیمنگ کا تجربہ مزید بہتر ہو جائے گا۔ تاہم رنگوں کے انتخاب میں صرف سیاہ اور سفید آپشن دیے جانے کا امکان ہے۔
آئی فون الٹرا فولڈ میں دو الگ الگ ڈسپلے دیے جائیں گے۔ بیرونی سکرین روزمرہ کاموں جیسے میسجنگ، کالز اور نوٹیفکیشنز کے لیے استعمال ہوگی جبکہ اندرونی بڑی سکرین ویڈیوز دیکھنے، ای بکس پڑھنے اور بیک وقت متعدد ایپس چلانے کے لیے کارآمد ہوگی۔
ایپل نے مبینہ طور پر اس میں سپلٹ سکرین، ڈریگ اینڈ ڈراپ اور دو ایپس کو ایک ساتھ چلانے جیسے فیچرز شامل کیے ہیں تاکہ صارفین کو بہتر ملٹی ٹاسکنگ کا تجربہ مل سکے۔
کیمرا سسٹم کے حوالے سے بتایا جا رہا ہے کہ فون میں 48 میگا پکسل مین سینسر اور 48 میگا پکسل الٹرا وائیڈ لینس دیا جائے گا۔ اس کے ساتھ دو فرنٹ کیمرے بھی موجود ہوں گے، ایک بیرونی اور دوسرا اندرونی سکرین کے لیے۔ تاہم ٹیلی فوٹو لینس شامل نہ کیے جانے کی وجہ سے زوم فوٹوگرافی محدود رہ سکتی ہے۔

نئے فولڈایبل آئی فون میں ایپل کا نیا ’آئی او ایس 27‘ آپریٹنگ سسٹم متعارف کرائے جانے کا امکان ہے جسے خاص طور پر فولڈایبل ڈیوائسز کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ اس میں ایپس کو ساتھ ساتھ چلانے، سپلٹ ویو اور بڑی سکرین کے لیے بہتر لے آؤٹ جیسے فیچرز شامل ہوں گے۔ ویڈیو ایڈیٹنگ اور ای میل ایپس کو بھی بڑی سکرین کے مطابق بہتر بنایا جائے گا۔
کارکردگی کے لحاظ سے ڈیوائس میں ایپل کا نیا اے20 پرو چپ سیٹ استعمال کیے جانے کی اطلاعات ہیں جو دو نینو میٹر ٹیکنالوجی پر مبنی ہوگا۔ فون میں 12 جی بی ریم، تیز رفتار میموری اور ایپل کا اپنا موڈیم شامل ہوگا، جس سے گیمنگ، ویڈیو ایڈیٹنگ اور ملٹی ٹاسکنگ پہلے سے زیادہ تیز اور ہموار ہو جائے گی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس ڈیوائس میں فیس آئی ڈی کے بجائے دوبارہ ٹچ آئی ڈی متعارف کرائی جا سکتی ہے، جو پاور بٹن میں شامل ہوگی۔
ماہرین کے مطابق فولڈایبل ڈیزائن کی وجہ سے فیس آئی ڈی سینسر نصب کرنا مشکل ثابت ہو سکتا تھا، اسی لیے ایپل نے نسبتاً آسان اور محفوظ متبادل کا انتخاب کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق آئی فون الٹرا فولڈ کی ابتدائی قیمت تقریباً ایک ہزار 999 ڈالر ہو سکتی ہے، جس کے باعث اسے ایک پریمیم اور محدود صارفین کے لیے تیار کردہ ڈیوائس تصور کیا جا رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ایپل اس ڈیوائس میں پائیداری، بیٹری اور سافٹ ویئر کے مسائل کو کامیابی سے حل کر لیتا ہے تو یہ فولڈایبل فون مارکیٹ میں ایک بڑا انقلاب ثابت ہو سکتا ہے۔
