آئی فون 20: کیا ایپل اپنے نئے آئی فون کا ڈیزائن تبدیل کر رہا ہے؟
آئی فون 20: کیا ایپل اپنے نئے آئی فون کا ڈیزائن تبدیل کر رہا ہے؟
اتوار 24 مئی 2026 19:32
نئے آئی فون میں نیا ’اے 21 چِپ‘ سیٹ بھی متعارف کروایا جا سکتا ہے(فوٹو: ایف ٹی پی)
مشہور ٹیکنالوجی کمپنی ’ایپل‘ کے آنے والے ’آئی فون 20‘ نے لانچ سے پہلے ہی ٹیک دنیا میں ہلچل مچا دی ہے۔
نئی لیکس اور رینڈرز کے مطابق ایپل اپنے 20ویں سالگرہ کے خصوصی ایڈیشن میں اب تک کا سب سے منفرد اور جدید ڈیزائن متعارف کرانے جا رہا ہے، جس میں کواڈ کروڈ ڈسپلے، نئی بیٹری ٹیکنالوجی، طاقتور ’اے 21 چپ‘ اور ’ایچ بی ایم ریم‘ جیسی جدید خصوصیات شامل ہوں گی۔
’ڈبلیو سی سی فیچ‘ کے مطابق ’آئی فون 20‘ کے چاروں کنارے خم دار ہوں گے، جس سے فون کو ایک انتہائی پریمیم اور فیوچرسٹک لک ملے گی۔
بتایا جا رہا ہے کہ اس او ایل ای ڈی ڈسپلے کی سپلائی صرف سام سنگ کرے گا۔ معروف ٹیک چینل ’فرنٹ پیج ٹیک‘ کی ویڈیو میں اس نئے ڈیزائن کی جھلک بھی دکھائی گئی ہے، جس نے ایپل صارفین کے جوش کو مزید بڑھا دیا ہے۔
’آئی فون 20‘ میں ایپل پہلی بار روایتی لیتھیم آئن بیٹری کی جگہ ’سلیکن اینوڈ‘ بیٹری ٹیکنالوجی استعمال کر سکتا ہے، جس سے فون میں زیادہ بڑی بیٹری اسی سائز میں فِٹ ہو سکے گی۔ اس کا مطلب ہے کہ صارفین کو پہلے سے کہیں زیادہ بیٹری بیک اپ ملنے کا امکان ہے۔
سمارٹ فون میں نیا ’اے 21 چِپ‘ سیٹ بھی متعارف کروایا جا سکتا ہے، جبکہ اطلاعات ہیں کہ ایپل اس بار چپ کی تیاری کے لیے ’اِنٹیل‘ کی فاؤنڈری کا رخ بھی کر سکتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق موبائل کے کیمرہ سسٹم میں بھی بڑی اپ گریڈ متوقع ہے، جہاں ایک نیا ایچ ڈی آر سینسر فوٹوگرافی کے معیار کو مزید بہتر بنائے گا۔
حیران کن طور پر لیک ہونے والے رینڈرز میں آئی فون 20 کے پچھلے حصے پر صرف ڈوئل کیمرہ سیٹ اپ دکھایا گیا ہے، جبکہ ایپل کے فلیگ شپ ماڈلز میں عموماً ٹرپل کیمرہ سسٹم موجود ہوتا ہے۔ اس سے قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ شاید ایپل اگلے سال تمام ماڈلز میں ایک جیسا نیا ڈیزائن متعارف کرائے۔
ایپل ’ایپل انٹیلیجنس‘ کو مزید طاقتور بنانے کے لیے اگلے آئی فون میں موبائل ہائی بینڈ وِڈتھ میموری بھی متعارف کرا سکتا ہے (فوٹو: ایف ٹی پی)
رپورٹس کے مطابق ایپل ’ایپل انٹیلیجنس‘ کو مزید طاقتور بنانے کے لیے اگلے آئی فون میں موبائل ہائی بینڈ وِڈتھ میموری بھی متعارف کرا سکتا ہے، جو آن ڈیوائس اے آئی فیچرز کو پہلے سے زیادہ تیز اور مؤثر بنائے گی۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ سام سنگ اس نئی میموری ٹیکنالوجی کی سپلائی میں بھی ایپل کا پارٹنر بن سکتا ہے۔
اگر یہ تمام لیکس درست ثابت ہوتی ہیں تو آئی فون 20 ایپل کی تاریخ کا سب سے بڑا ڈیزائن اور ٹیکنالوجی اپ گریڈ ثابت ہو سکتا ہے۔