آئی فون 18 سیریز کی لانچنگ میں تاخیر کا امکان، وجہ کیا ہو سکتی ہے؟
’ایپل‘ کا اگلا خصوصی ایونٹ ستمبر 2026 میں متوقع ہے (فوٹو: یوٹیوب)
مشہور ٹیکنالوجی کمپنی ’ایپل‘ آئندہ برس اپنے ’آئی فون‘ لانچ شیڈول میں بڑی تبدیلی کر سکتی ہے، جس کے تحت پہلی بار ایسا ہونے کا امکان ہے کہ ’آئی فون 18 پرو‘ اور ’آئی فون 18 پرو میکس‘ تو رواں سال متعارف کرائے جائیں، تاہم ’آئی فون 18‘ کو 2027 کے موسمِ بہار تک مؤخر کر دیا جائے۔
’فوربز‘ کے مطابق ’ایپل‘ اب اپنے سمارٹ فونز کو ایک ہی وقت میں متعارف کرانے کے بجائے مرحلہ وار لانچ کرنے کی نئی حکمتِ عملی اختیار کرنے پر غور کر رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ’ایپل‘ کا اگلا خصوصی ایونٹ ستمبر 2026 میں متوقع ہے، جہاں ’آئی فون 18 پرو‘، ’آئی فون 18 پرو میکس‘ اور کمپنی کا پہلا فولڈ ایبل آئی فون متعارف کرایا جا سکتا ہے۔
پہلے فولڈ ایبل آئی فون کو عارضی طور پر آئی فون الٹرا کا نام دیا جا رہا ہے۔ اس کے برعکس ’آئی فون 18‘ اور کم قیمت ’آئی فون 18 ای‘ کو 2027 کے آغاز میں لانچ کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس نئی حکمتِ عملی کے ذریعے ’ایپل‘ اپنی مصنوعات کو زیادہ نمایاں انداز میں پیش کر سکے گا۔ اگر فولڈ ایبل آئی فون، پرو ماڈلز اور دیگر تمام ڈیوائسز ایک ہی تقریب میں لانچ کی جائیں تو ہر ماڈل کو مطلوبہ توجہ نہیں مل سکے گی، اسی لیے کمپنی لانچز کو مختلف مراحل میں تقسیم کرنا چاہتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق ’آئی فون 18‘ کی لانچ مؤخر کرنے سے ’ایپل‘ کو ایک اور فائدہ بھی مل سکتا ہے۔ 2027 تک پُرزہ جات کی قیمتوں میں ممکنہ استحکام آسکتا ہے، جس سے قیمتوں میں اضافے کے دباؤ کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ اس کے علاوہ ایسے صارفین جن کے موبائل نیٹ ورک کنٹریکٹس یا اپ گریڈ سائیکل سال کے آغاز میں مکمل ہوتے ہیں، انہیں نئے آئی فون کے لیے کئی ماہ انتظار بھی نہیں کرنا پڑے گا۔
تاہم یہ تمام معلومات فی الحال غیر سرکاری رپورٹس اور لیکس پر مبنی ہیں۔ ’ایپل‘ نے ابھی تک آئی فون 18 سیریز یا اپنے مستقبل کے لانچ شیڈول کے حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا، اس لیے حتمی تفصیلات کمپنی کی جانب سے آئندہ مہینوں میں سامنے آنے کا امکان ہے۔
