Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئی فون 18 پرو میں ایسے فیچر کی ممکنہ واپسی جو سام سنگ نے برسوں قبل چھوڑ دیا تھا

ایپل کے اگلے ماڈل آئی فون 18 پرو اور 18 پرو میکس کے بارے میں افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ ان میں ایک ایسا فیچر شامل کیا جا رہا ہے جو کہ سام سنگ کی فلیگ شپ گیلیکسی سیریز نے کافی برس قبل ختم کر دیا تھا۔
ویب سائٹ میک رؤمرز کے مطابق دسمبر 2024 میں ایپل کی سپلائی چین پر نظر رکھنے والے تجزیہ کار مِنگ چی کوو نے سب سے پہلے یہ کہا تھا کہ آئی فون 18پرو اور پرو میکس دونوں میں ویری ایبل اپرچر پیش کیا جائے گا۔
بعد ازاں اکتوبر 2025 میں سامنے آنے والی ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ایپل کی انتظامیہ اپنے اگلے آنے والے موبائل فون کے ڈیزائن اور فیچرز میں تبدیلی کے لیے سپلائرز کے ساتھ بات چیت کر رہی ہے۔
جس  اپرچر کے حوالے سے بات کی جا رہی ہے وہ ایک ایسا فیچر ہوتا ہے جس کی بدولت کیمرے کو روشنی کی مقدار کو ایڈجسٹ کرنے میں مدد ملتی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اگر کہیں روشنی کی مقدار کم ہو تو اپرچر کو کھول کر بڑھایا جا سکتا ہے جبکہ زیادہ روشنی کی صورت میں اس کو کم کرنے کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
اس سے صارف کو منظر پر زیادہ کنٹرول رکھنے میں مدد ملتی ہے اور پس منظر کے مقابلے میں تصویر میں دکھائی جانے والے منظر کو نمایاں کیا جا سکتا ہے۔
اس سے قبل ایپل نے اپنی کسی ڈیوائس میں ایسے اپرچر کو استعمال نہیں کیا اس کے تمام ماڈلز میں فکسڈ اپرچر لگا ہوا ہے اور کھلے لینز کے ساتھ اسی اپرچر سے شوٹنگ کی جاتی ہے۔
سام سنگ اس سے قبل اپنے 2018 اور 2019 کے دوران اپنے دو ماڈلز میں ویری ایبل اپرچر پیش کر چکا ہے جن میں گیلیکسی ایس نائن اور گیلیکسی 10 شامل تھے۔
یہ فیچر حالیہ برسوں کے دوران بعض دوسرے برینڈز میں بھی دیکھنے کو ملتا رہا ہے اور شیاؤمی 14 الٹرا، آنر میجک سیون پرو اور ہواوے میٹا سیریز میں دکھائی دیا۔
اس اپرچر کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اس سے نہ صرف ڈیوائس کی موٹائی میں اضافہ ہوتا ہے بلکہ لاگت بھی بڑھتی ہے اور شاید اسی وجہ سے سام سنگ نے اس کو 2020 میں ترک کر دیا تھا جبکہ یہ فکسڈ اپرچر والے موبائلز کے کیمروں کی نسبت زیادہ جدید فیچر تھا۔

آئی فون 18 اور 18 پرو میکس میں متغیر اپرچر کے ساتھ نئے کیمرا اور دیگر فیچرز متوقع۔ تصویر: میک رومرز 

دلچسپ امر یہ بھی ہے کہ سام سنگ اپنے چھوڑے گئے فیچر کو ایپل کی پیروی میں پھر سے اپنانے کا منصوبہ بھی بنا رہا ہے، کمپنی کا خیال ہے کہ اسی اپرچر میں مزید سرمایہ کر کے فون کی موٹائی کو کم کیا جا سکتا ہے اور وقت کے ساتھ ساتھ اخراجات بھی کم ہو سکتے ہیں۔
ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ سام سنگ نے ویری ایبل اپرچر کی تیاری کے حوالے سے کمپنیوں سے بات کی ہے اور نمونے فراہم کرنے کو کہا ہے۔ اگرچہ ابھی تک اسے کسی ماڈل میں شامل کیے جانے کی تصدیق نہیں ہوئی ہے تاہم یہ کہا جا رہا ہے کہ کمپنی آنے والے ماڈلز میں اس کو شامل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
ویری ایبل اپرچر کے علاوہ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ آئی فون 18 اور 18 پرومیکس میں ایک چھوٹا ڈائنامک آئی لینڈ، اے 20 چپ، زیادہ بیٹری لائف، سی ٹو موڈیم، کیمرہ کنٹرول بٹن، این ون وائرلیس چپ اور بعض دوسری چیزیں بھی شامل ہوں گی۔
اسی طرح ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ پہلا فولڈ ایبل آئی فون بھی اگلے موسم سرما تک مارکیٹ میں آ سکتا ہے۔

شیئر: