سعودی پروجیکٹ: دو ہفتوں میں یمن سے 7 ہزار 444 دھماکہ خیز ڈیوائسز کلیئر
5 لاکھ 85 ہزار 670 بارودی سرنگوں کو تلف کیا جا چکا ہے( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے مسام پروجیکٹ کے ارکان نے اگست کے پہلے دو ہفتوں میں یمن کے مختلف علاقوں سے 7 ہزار 444 دھماکہ خیز ڈیوائسز کو ہٹایا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق ان میں 7 ہزار 226 ناکارہ یا پھٹنے سے رہ جانے والا آرڈیننس اور 137 اینٹی ٹینک بارودی سرنگیں، 35 اینٹی پرسنل بارودی سرنگیں اور 46 دیسی ساختہ ڈیوائسز شامل ہیں۔
مسام کی ٹیموں نے 646,550 مربع میٹر اراضی کو صاف کرکے شہری استعمال کے لیے محفوظ بنایا ہے۔
دھماکہ خیز مواد اور بارودی سرنگوں کو بلا تفریق زمین میں بچھایا گیا تھا جو عام لوگوں، خاص طور پر بچوں، خواتین اور عمر رسیدہ افراد کے لیے سنگین خطرہ بن رہا تھا۔
2018 میں پروجیکٹ کے آغاز کے بعد سے اب تک 5 لاکھ 85 ہزار 670 بارودی سرنگوں کو تلف کیا جا چکا ہے۔

پروجیکٹ کے تحت مختلف ٹیموں کو دیہات، سڑکوں اور سکولوں سے بارودی سرنگوں یا دھماکہ خیز مواد کو ہٹانے کا کام سونپا جاتا ہے تاکہ عام لوگ محفوظ رہتے ہوئے نقل و حرکت کر سکیں۔ انسانی امداد کی فراہمی کو آسان بنایا جاسکے۔
بارودی سرنگیں صاف کرنے والے مقامی انجینیئروں کی تربیت بھی کی جاتی ہے اور انھیں جدید آلات فراہم کیے جاتے ہیں، دھماکہ خیز مواد کی وجہ سے زخمی ہونے والے یمنیوں کی مدد بھی کی جاتی ہے۔
