Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حوثی یمن کو سودے بازی کے لیے استعمال کر رہے ہیں: سعودی سفیر محمد آل جابر

یمن میں تعینات سعودی سفیر نے کہا کہ مملکت نے ہمیشہ اور اب بھی خطے میں قیامِ امن کی حمایت کی ہے (فوٹو: عرب نیوز)
یمن میں تعینات سعودی سفیر محمد آل جابر نے سنیچر کو کہا کہ حوثی ملیشیا یمن کو بیرونی قوتوں کے ساتھ سودے بازی کے لیے استعمال کر رہی ہے، اور اپنے مفادات کے حصول کے لیے اس کی سلامتی اور استحکام کو داؤ پر لگا رہی ہیں، جبکہ عوام بدستور مشکلات کا شکار ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ٹویٹس کے ایک سلسلے میں کہا کہ ’امن صرف نعروں یا سیاسی تاخیری حربوں سے حاصل نہیں ہو سکتا بلکہ اس کے لیے مخلصانہ عزم درکار ہے جو ملک اور عوام کے مفاد کو ہر چیز پر مقدم رکھے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’مملکت نے ہمیشہ اور اب بھی خطے میں امن و سکون کی بحالی کے لیے کیے جا رہے تمام اقدامات کی حمایت کی ہے۔‘
انہوں نے یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی کی کوششوں کی حمایت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک جامع سیاسی حل کے ذریعے یمنی عوام کی مشکلات کا خاتمہ ضروری ہے۔
تاہم محمد آل جابر نے کہا کہ حوثی ’امن اور سکون کی بجائے مسلسل کشیدگی اور تشدد کی بات کر رہے ہیں، جو ایسے بیرونی ایجنڈوں کی خدمت ہے جن کا یمن سے کوئی تعلق نہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’حوثیوں نے یمن کو بیرونی قوتوں کے ہاتھوں ایک سودے بازی کا مہرہ بنا دیا ہے، جو اس کے استحکام کی قیمت پر اپنے مفادات حاصل کر رہی ہیں، جبکہ حوثیوں کے زیرِ قبضہ علاقوں میں یمنی عوام ناانصافی، بھوک اور مسلسل انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔‘
سعودی سفیر نے مزید کہا کہ ’یہ ملیشیا جھوٹے بیانیوں کو فروغ دینے اور اپنی ناکامیوں اور بحرانوں کو بیرونِ ملک منتقل کرنے کی کوشش کرتی رہتی ہے تاکہ اس انسانی المیے کی ذمہ داری سے بچ جا سکے جو اس نے خود پیدا کیا ہے۔‘
انہوں نے اعلان کیا کہ ’مملکت برادر یمنی عوام سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر صنعا ایئرپورٹ کو تجارتی پروازوں کے لیے دوبارہ کھولنے کی تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا، تاکہ عوام کو سفر کی سہولت میسر آ سکے، جبکہ حوثیوں نے کمزور جواز پیش کر کے پروازیں معطل کر رکھی ہیں۔‘
محمد آل جابر نے کہا کہ مملکت یمن کی ضروریات پوری کرنے کے لیے حدیدہ بندرگاہ پر جہازوں کی آمد کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے، جبکہ حوثی ’بحیرۂ احمر میں شہری تجارتی جہازوں پر بزدلانہ حملے جاری رکھے ہوئے ہیں، جس سے عالمی بحری راستوں اور خطے کی سلامتی کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔‘
سعودی سفیر نے یہ بھی کہا کہ ’ہمیشہ کی طرح مملکت یمنی عوام کی حمایت جاری رکھے گا اور ان کی جائز حکومت کا اس وقت تک ساتھ دیتی رہے گی، جب تک ملک میں امن، استحکام اور سکون قائم نہیں ہو جاتا۔‘

شیئر: