فلائی ناس کا ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نیا آپریشنل بیس قائم
جمعرات 15 جنوری 2026 21:22
29 مارچ سے نئے آپریشنل بیس سے پروازوں کے پہلے مرحلے کا آغاز ہوگا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب اور مشرق وسطی کی لو بجٹ ایئرلائنز ’فلائی ناس‘ نے ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نیا آپریشنل بیس قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق فلائی ناس کے چار اہم مراکز ریاض، جدہ، مدینہ منورہ اور دمام میں پہلے ہی آپریشنل بیس موجود ہیں، اب مملکت کے پانچ مختلف مراکز سے پروازیں آپریٹ کرنے والی پہلی ایئرلائن بن گئی ہے۔
فلائی ناس 29 مارچ سے ابہا کے نئے آپریشنل بیس سے پروازوں کے پہلے مرحلے کا آغاز کرے گی۔
ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے نیٹ ورک میں دبئی، قاہرہ، استنبول اور عدیس ابابا کے چھ مستقل روٹ شامل ہوں گے، اس کے ساتھ کویت اور طرابوزن کے لیے سیزنل سروس بھی دستیاب ہوگی۔
فلائی ناس کے سی ای او اور منیجنگ ڈائریکٹر نے کہا’ نئے آپریشنل بیس کا مقصد عسیر ریجن میں معیشت اور سیاحت کو فروغ دینا ہے، یہ فیصلہ عسیر کو سال بھر عالمی سیاحتی مقام میں تبدیل کرنے کے مقصد کی سپورٹ کرتا ہے۔‘
’یہ اقدام قومی سول ایوی ایشن کی حکمت عملی اور سعودی وژن 2030 کے اہداف کے مطابق ہے۔‘
یاد رہے فلائی ناس 2000 سے زیادہ ہفتہ وار پروازوں کے ذریعے 38 ملکوں میں 80 سے زیادہ ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل مقامات کےلیے 156 روٹس آپریٹ کررہی ہے۔
2007 کے آغاز کے بعد سے 80 ملین سے زیادہ مسافروں کو سفر کی سہولت فراہم کی جا چکی ہے، اس کا ہدف سعودی وژن 2030 کے مطابق 165 ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل مقامات تک پہنچنا ہے۔
