الخفجی کا ریتیلا ساحل: سیاحت کے فروغ اور معیارِ زندگی کو بہتری کی جانب اہم قدم
سعودی عرب کی کمشنری الخفجی کی کورنِش پر 49 ہزار مربع میٹر سے زائد رقبے پر پھیلا ریتیلا ساحل ایک منفرد ماحولیاتی، تفریحی اور ساحلی مقام ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ ساحل آنے والوں کو ایک جامع تفریحی تجربہ فراہم کرنے کے ساتھ الخفجی کے نمایاں سیاحتی مقام کی حیثیت کو مزید مضبوط کرتا ہے۔
الخفجی کورنِش کو جدید شہری طرز تعمیر کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے جہاں سبزہ زاروں کے ساتھ، تفریحی اور کھیلوں کی سہولتوں کو یکجا کیا گیا ہے۔
یہاں 15 ہزار 500 مربع میٹر پر گرین ایریا موجود ہے جس کے ساتھ واکنگ ٹریک، بیٹھنے کی جگہیں، ایک ریتیلی سپورٹس فیلڈ، ایک پلے گراؤنڈ اور پارکنگ کی وسیع سہولتیں بھی موجود ہیں۔

یہ منصوبہ ماحولیاتی، تفریحی اور کھیلوں کی سہولیات کو ایک جگہ یکجا کرتا ہے جہاں لوگ مختلف سرگرمیوں میں حصہ لینے کے ساتھ ساتھ واٹر فرنٹ کے دلکش نظاروں سے بھی لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔
یہ منصوبہ صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دینے کے ساتھ ایسے پرکشش مقامات بھی فراہم کرتا ہے جو سماجی میل جول کو بڑھاتے ہیں اور شہر کو انسان دوست ضروریات کے مطابق ڈھالنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔

الشرقیہ ریجن میونسپلٹی کے ترجمان فیصل الزہرانی نے کہا کہ الخفجی کا ریتیلا ساحل اور واٹر فرنٹ عوامی مقامات کی ترقی کی کوششوں کا حصہ ہیں۔ ان منصوبوں کا مقصد ریجن میں سیاحت اور تفریح کو فروغ دینا، رہائشیوں اور سیاحوں کے لیے متنوع تفریحی مواقع فراہم کرنا، شہری منظرنامے کو بہتر بنانا اور مجموعی معیارِ زندگی بلند کرنا ہے۔
