بحیرۂ احمر کے ساحل پر واقع اللیث واٹر فرنٹ زندگی سے بھر پور سیاحتی مقام
جمعرات 30 جولائی 2026 11:58
مکہ ریجن کی کمشنری اللیث میں بحیرۂ احمر کے ساحل پر واقع ’اللیث واٹر فرنٹ‘ زندگی سے بھر پور ایک سیاحتی اور تفریحی مقام ہے۔
ایس پی اے کے مطابق اللیث واٹر فرنٹ پُرسکون ساحلی ماحول کو قدرتی مناظر کی خوبصورتی کے ساتھ ملاتا ہے جو سال بھر رہائشیوں اور وزیٹرز کو ساحلی ماحول سے لطف اندوز ہونے کے لیے راغب کرتا ہے۔
یہ ساحلی مقام محض تفریحی مرکز ہی نہیں بلکہ ایک متحرک سماجی و شہری مرکز بھی ہے جہاں بیٹھنے کی جگہیں، چہل قدمی کے لیے مخصوص ٹریکس اور دیگر عوامی سہولتیں بھی موجود ہیں۔
اللیث واٹر فرنٹ کا منصوبہ معیارِ زندگی بہتر بنانے کے پروگرام کا حصہ بھی ہے جو واٹر سپورٹس سے وابستہ سرگرمیوں میں اضافے کا باعث ہے جبکہ معاشی سرگرمیوں کے مواقع پیدا کرنے میں معاون ہے۔
حالیہ برسوں میں ساحلی مقام پر متعدد ترقیاتی منصوبوں پرکام کیا گیا جس سے علاقے کا منظر نامہ یکسر تبدیل ہو گیا۔ بلدیاتی خدمات میں اضافے سے سیاحتی سرگرمیاں بھی بڑھ گئی ہیں۔

اللیث فرنٹ آج بھی بحیرۂ احمر کی جانب کھلنے والی ایک دلکش ’نیلی کھڑکی‘ کی مانند ہے جو قدرتی حسن، پُرسکون ماحول اور جدید سہولتوں کا حسین امتزاج پیش کرتے ہوئے اللیث کو مکہ ریجن کے جنوبی ساحلی علاقوں کی ایک پرکشش سیاحتی منزل کے طور پر نمایاں کر رہا ہے۔
