حج انتظامات ڈیجیٹل: صرف آٹھ دن میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد پاکستانی عازمین گھر بیٹھے رجسٹرڈ
آن لائن حج پورٹل اور موبائل ایپ ’پاک حج‘ کے ذریعے سہولت فراہم کی گئی ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
پاکستان کی وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے نیشنل آئی ٹی بورڈ کے تیار کردہ آن لائن حج پورٹل کے ذریعے صرف آٹھ دنوں میں ایک لاکھ پچاس ہزار حج درخواستوں کی رجسٹریشن کا ہدف عبور کر لیا، جو سرکاری خدمات کی ڈیجیٹل فراہمی اور ای گورننس کے شعبے میں ایک اہم کامیابی قرار دی جا رہی ہے۔
موجودہ حکومت کے وژن کے تحت حج انتظامات کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کرنے کے اقدامات تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ آن لائن حج پورٹل اور موبائل ایپ ’پاک حج‘ کے ذریعے عازمین حج کو گھر بیٹھے آسان، شفاف اور تیز رفتار رجسٹریشن کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
ابتدائی آٹھ روز میں ایک لاکھ پچاس ہزار سے زائد عازمین حج نے بغیر کسی دفتری کارروائی کے اپنی حج رجسٹریشن مکمل کی، جسے عوامی سطح پر ڈیجیٹل گورننس کی بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔
وزیر اعظم پاکستان کی ہدایات کے مطابق حج واجبات کی وصولی بھی مکمل طور پر ڈیجٹیل ہونے کی طرف گامزن ہے۔ رجسٹریشن کے بعد اگلے مرحلے میں حج واجبات کی ادائیگی کو ڈیجیٹل نظام سے منسلک کرنے کا منصوبہ آخری مراحل میں داخل ہو گیا۔
منصوبے کے تحت عازمین حج آن لائن حج پورٹل یا موبائل ایپ ’پاک حج‘ کے ذریعے گھر بیٹھے اپنے حج واجبات ادا کر سکیں گے۔

اس مقصد کے لیے ون لنک کے ذریعے حج واجبات کی وصولی کا جدید نظام متعارف کرایا جا رہا ہے، عازمین حج کو بینکوں یا دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے بلکہ رجسٹریشن سے لے کر ادائیگی تک تمام مراحل چند کلکس کے ذریعے مکمل کیے جا سکیں گے۔
ماہرین کے مطابق یہ نیا ڈیجیٹل ماڈل سمندر پار پاکستانیوں کے لیے بھی ایک بڑی سہولت بن کر سامنے آ رہا ہے، کیونکہ وہ دنیا کے کسی بھی حصے سے اپنی حج رجسٹریشن، درخواست کا سٹیٹس اور حج واجبات کی ادائیگی کا عمل باآسانی مکمل کر سکیں گے۔
وزارت مذہبی امور نے آن لائن حج پورٹل اور ’پاک حج‘ موبائل ایپ میں متعدد نئے فیچرز بھی متعارف کرا دیے ہیں، درخواست گزار اب صرف ایک کلک سے اپنی درخواست کا سٹیٹس، رجسٹریشن کی تفصیلات اور دیگر ضروری معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔
