وہ ’میری سستی کاپی ہے‘، کنگنا رناوت اور تاپسی پنو آمنے سامنے
وہ ’میری سستی کاپی ہے‘، کنگنا رناوت اور تاپسی پنو آمنے سامنے
اتوار 23 اگست 2026 16:45
اداکارہ کنگنا رناوت انڈین پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا کی رکن بھی ہیں (فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
بالی وُڈ کی مشہور اداکاراؤں کنگنا رناوت اور تاپسی پنو کے درمیان برسوں سے جاری لفظی جنگ ایک بار پھر شدت اختیار کر گئی ہے۔
تاپسی پنو کے ایک حالیہ انٹرویو کے بعد کنگنا رناوت نے سوشل میڈیا پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے بغیر نام لیے اپنی پُرانی حریف اداکارہ کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
انڈین میڈیا کے مطابق تاپسی پنو نے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا کہ وہ کنگنا رناوت سے نہ تو پہلے کبھی ملیں اور نہ ہی دونوں کے درمیان تنازعے کے بعد اُن کی ملاقات ہوئی۔
تاپسی پنو کے اس بیان کے بعد کنگنا رناوت نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کے ذریعے ردعمل دیا، تاہم انہوں نے تاپسی کا نام براہِ راست نہیں لیا۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں نام لیے بغیر تاپسی پنو کو اپنی ’سستی کاپی‘ قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہ اپنی آنے والی فلم کی تشہیر کے لیے میڈیا کی توجہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
کنگنا رناوت نے مزید کہا کہ ان کی ’پرورش اور خاندانی اقدار کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔‘
انہوں نے اپنے خاندان کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ’میرا تعلق ایک معزز راجپوت زمیندار خاندان سے ہے اور میرے والدین اعلٰی تعلیم یافتہ ہیں۔‘
اداکارہ اور رکن پارلیمنٹ نے سوال اٹھایا کہ ’میرے کیریئر اور زندگی کے فیصلوں پر میرے خاندان کو تنقید کا نشانہ کیوں بنایا جاتا ہے؟‘
یاد رہے کہ دونوں اداکاراؤں کے درمیان اختلافات کا آغاز کئی سال قبل ہوا تھا۔ سنہ 2018 کے دوران تاپسی پنو نے ایک انٹرویو میں کنگنا رناوت کو اپنے بیانات میں کچھ تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مشورہ دیا تھا۔
دونوں اداکاراؤں کے درمیان اختلافات کا آغاز کئی سال قبل سنہ 2018 میں ہوا تھا (فائل فوٹو: ایلی)
بعد ازاں کنگنا کی فلم ’ججمینٹل ہے کیا‘ کی ریلیز کے موقعے پر تاپسی پنو نے فلم کی تعریف تو کی تھی البتہ کنگنا رناوت کا نام براہِ راست نہیں لیا۔ اس پر اداکارہ کی بہن رنگولی چنڈیل نے تاپسی کو ’سستی کاپی‘ قرار دیا تھا، جس کے بعد دونوں کے درمیان لفظی جنگ مزید شدت اختیار کر گئی۔
بعد میں اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بعد یہ تنازع بالی وڈ میں اقربا پروری کی بحث تک بھی پہنچ گیا۔ کنگنا رناوت ماضی میں تاپسی پنو اور اداکارہ سوارا بھاسکر کو اقربا پروری کی حمایت کرنے پر تنقید کا نشانہ بناتی رہی ہیں، جبکہ تاپسی پنو کا مؤقف رہا ہے کہ ’فلم انڈسٹری سے باہر سے آنے والے فنکاروں کو آپس میں لڑنے کے بجائے ایک دوسرے کا ساتھ دینا چاہیے۔‘