بی جے پی میں شمولیت پر راہُل گاندھی کو شادی کی پیشکش؟ کنگنا رناوت نے خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا
بالی وڈ اداکارہ اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی رکنِ پارلیمنٹ کنگنا رناوت نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ اگر کانگریس کے رہنما راہُل گاندھی بی جے پی میں شامل ہو جائیں تو وہ ان سے شادی کر لیں گی۔
کنگنا رناوت نے پیر کے روز انسٹاگرام سٹوریز کے ذریعے اس دعوے کو ’مکمل طور پر جھوٹ‘ اور ’گمراہ کن‘ قرار دیتے ہوئے سخت ردعمل دیا۔
انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کی غیر مصدقہ اور بے بنیاد خبریں نہ صرف غلط معلومات پھیلانے کا سبب بنتی ہیں بلکہ سیاست میں خواتین کو نشانہ بنانے کا ایک ہتھکنڈہ بھی ہیں۔
اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’یہ کتنی شرمناک اور جھوٹی خبر ہے، ایسی خبریں پھیلانے والوں کو شرم آنی چاہیے۔‘
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والا یہ دعویٰ تیزی سے مختلف پلیٹ فارمز پر پھیلا اور دیکھتے ہی دیکھتے اس نے میمز، تبصروں اور سیاسی بحث کو جنم دیا۔
سوشل میڈیا کے کچھ صارفین نے اسے طنز و مزاح کے طور پر لیا، تاہم متعدد افراد نے اسے غلط معلومات قرار دیتے ہوئے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ بغیر کسی تصدیق کے ایسی خبریں کس طرح وائرل ہو جاتی ہیں؟

اس دعوے کے حوالے سے کوئی مستند انٹرویو، ویڈیو یا قابلِ اعتماد ذریعہ موجود نہیں ہے جو اس بات کی تصدیق کرے کہ کنگنا رناوت نے ایسا کوئی بیان دیا ہو۔
اسی طرح یہ بات بھی اب تک واضح نہیں ہو سکی ہے کہ اس خبر کا اصل ماخذ کیا تھا تاہم یہ سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل گئی اور حقیقت کے برعکس ایک بیانیہ تشکیل دینے لگی۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ کنگنا رناوت کا نام راہُل گاندھی سے متعلق بیانات میں سامنے آیا ہو۔
اس سے قبل بھی وہ ان کی پارلیمانی تقاریر اور سیاسی مؤقف پر تنقید کر چکی ہیں، جس پر سوشل میڈیا پر حامیوں اور ناقدین کی جانب سے شدید ردعمل دیکھنے میں آتا رہا ہے۔