Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’یہ کوئی طریقہ ہے‘، تاپسی پیچھا کرنے والے فوٹوگرافرز پر برس پڑیں

تاپسی پنوں اکثر فوٹوگرافروں پر زور دیتی رہتی ہیں کہ وہ لوگوں کی پرائیویسی کا احترام کریں (فوٹو: اے ایف پی)
بالی وڈ اداکارہ تاپسی پنوں پرائیویسی میں مخل ہونے پر پاپارازی فوٹوگرافرز پر سخت برہم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہو سکتا ہے لوگ انہیں مغرور کہیں مگر انہیں پرواہ نہیں۔
تاپسی پنوں اکثر اپنی ویڈیوز میں فوٹوگرافرز کو یہ کہتی دکھائی دیتی ہیں کہ وہ لوگوں کے نجی معاملات میں دخل نہ دیں۔
ہندوستان ٹائمز نے انڈیا ٹوڈے کو دیے گئے انٹرویو کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ اس میں انہوں نے پیچھا کرنے والے فوٹوگرافرز کے حوالے سے کھل کر بات کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’یہ مجھے ناگوار گزرتا ہے، یہ جانتے ہوئے بھی یہ تنگ کرنے پر تلے رہتے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’جب میں گاڑی میں بیٹھوں تو کسی کو دروازہ پکڑنے کی ضرورت کیا ہے۔ اس سے میری نجی سپیس کم ہو رہی ہے، یہ کوئی طریقہ ہے۔‘
’ذرا سوچیں کہ آپ گاڑی میں بیٹھ گئے ہوں اور کچھ لوگوں نے دروازہ پکڑ رکھا ہو اور بند نہیں کرنے دے رہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’یہی نہیں بلکہ بار بار کیمرے کو آپ کے چہرے کے سامنے لہرائیں، کیا آپ اس کو پسند کریں گے؟‘
تاپسی پنوں کا کہنا تھا کہ قطع نظر اس کے کہ آپ خاتون ہیں یا مرد، مگر یہ طرزعمل کیا آپ کو پسند آئے گا؟
تاپسی پنوں اپنی نئی فلم ’بلَر‘ میں ڈبل رول ادا کر رہی ہیں۔ یہ ان کی اپنی پروڈکشن میں بننے والی پہلی فلم ہے اور او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر حال ہی میں ریلیز ہوئی ہے۔
اس کے ہدایت کار اجے باہل ہیں۔ اس فلم میں ابھلیشا اور گلشن دیویاہ نے بھی اداکاری کی ہے۔

حال ہی میں تاپسی پنوں کی فلم ’بلَر‘ ریلیز ہوئی ہے (فوٹو: پی ٹی آئی)

ان کا کہنا تھا کہ ’میں باڈی گارڈز کے بغیر باہر نکلتی ہوں، صرف اسی وجہ سے آپ کیمرے اور مائیک لے کر میرے پیچھے پڑ جائیں گے اور مجھے ایک عام انسان جتنی سپیس بھی نہیں دیں گے۔ صرف اس وجہ سے میں ایک پبلک فگر ہوں۔‘
انہوں نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’پبلک فگر ہونا اس بات کے لیے کافی ہے کہ میری پرسنل سپیس کی خلاف ورزی کی جائے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’اور اس سے بڑھ کر یہ کہ جب میڈیا ایسی ہیڈلائنز جماتا ہے کہ میں مغرور ہوں۔‘
’اگر عام انسانوں کی طرح سپیس نہ دیے جانے پر آواز اٹھانے پر مجھے مغرور کہا جاتا ہے، تو ٹھیک ہے ایسا ہی سہی۔‘
انہوں نے واضح کیا کہ ’میرے اصل جذبات یہی ہیں، میں صرف اس وجہ سے انہیں نرم نہیں کروں کہ میں کیمرے کے سامنے موجود ہوں۔‘
تاپسی پنوں ان دنوں کئی بڑے پراجیکٹس کی منصوبہ بندی پر کام کر رہی ہیں جو اگلے سال شروع ہوں گے۔
وہ اپنی اگلی فلم ’ڈنکی‘ میں شاہ رخ خان کے ساتھ نظر آئیں گی جبکہ ان کی آنے والی فلموں میں ’وہ لڑکی ہے کہاں‘ میں بھی دکھائی دیں گی۔

شیئر: