Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیلڈ مارشل عاصم منیر تہران میں، ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی سے ملاقات

فیلڈ مارشل عاصم منیر اس سے قبل بھی ایران کے دورے کر چکے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر تہران پہنچ گئے ہیں۔ 
پیر کو فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق اس دورے کے موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی بھی ان کے ہمراہ ہیں۔
بیان کے مطابق ’یہ دورہ پاکستان کی جانب سے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے ہونے والی کوششوں سلسلے میں ہے۔‘
آئی ایس پی آر کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے پُرامن، دیرپا اور جامع حل کے لیے کوششوں کو آگے بڑھائیں گے۔ 
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی سے ملاقات بھی کی ہے۔
یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب پاکستان مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کے حل کے لیے ثالثی کی کوششیں کر رہا ہے۔
اتوار کو ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا تھا کہ ’فیلڈ مارشل عاصم منیر ایران اور پاکستان کے دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کی کوششوں کے سلسلے میں ایک وفد کی قیادت کرتے ہوئے تہران پہنچیں گے۔‘
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ دورہ ’خطے میں امن و استحکام کو قائم کرنے کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔
پاکستان نے ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ روکنے کی کوششوں میں کلیدی کردار ادا کیا ہے اور جُون میں ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرانے میں بھی مدد کی تھی تاہم اس وقت امن مذاکرات میں تعطل نظر آرہا ہے۔
تاہم اس کے بعد بھی تنازع ختم نہیں ہو سکا ہے اور پاکستان اس کے خاتمے کے لیے متحرک ہے۔ اس سے قبل ایرانی حکام بھی اسلام آباد کے دورے کر چکے ہیں۔

شیئر: