ایران اور امریکہ کے درمیان ثالثی کی کوششیں، فیلڈ مارشل عاصم منیر پیر کو تہران کا دورہ کریں گے
ایرانی وزارتِ خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کے چیف آف ڈیفنس فورسز اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر پیر کو تہران کا سرکاری دورہ کریں گے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب پاکستان مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کے حل کے لیے ثالثی کی کوششیں کر رہا ہے۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بتایا کہ ’فیلڈ مارشل عاصم منیر ’ایران اور پاکستان کے دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کی کوششوں کے سلسلے میں‘ ایک وفد کی قیادت کرتے ہوئے تہران پہنچیں گے۔‘
اتوار کو جاری کیے گئے اس بیان میں اسماعیل بقائی نے مزید کہا کہ یہ دورہ ’خطے میں امن و استحکام کو قائم کرنے کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔‘
پاکستان نے ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ روکنے کی کوششوں میں کلیدی کردار ادا کیا ہے اور جُون میں ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرانے میں بھی مدد کی تھی، تاہم اس وقت امن مذاکرات میں تعطل نظر آرہا ہے۔
اس سے قبل رواں ماہ ہی پاکستان نے سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ ایک مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے جسے بعض تجزیہ کاروں کے مطابق ’خطے میں ایرانی اثر و رسُوخ کا مقابلہ کرنے کے اقدام کے طور پر دیکھا گیا تھا۔‘