بیرن ٹرمپ کے ’قتل کی منصوبہ بندی‘، امریکی خفیہ سروس دھمکی آمیز ایرانی ویڈیو سے آگاہ
ٹرمپ نے خود کو ایران کی ’کل لسٹ میں نمبر ون‘ قرار دیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی خفیہ سروس کے ترجمان نے کہا ہے کہ ادارہ اس ویڈیو سے آگاہ ہے جو ایرانی سرکاری ٹیلی ویژن پر نشر ہوئی، جس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سب سے چھوٹے بیٹے بیرن ٹرمپ کے قتل کے ممکنہ منصوبے پر بات کی گئی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق خفیہ سروس کے ترجمان نیٹ ہیرنگ نے ایک ای میل میں کہا کہ ’امریکی خفیہ سروس اس ویڈیو سے آگاہ ہے اور ہر اس چیز کی تحقیقات کرتی ہے جسے ہمارے زیرِ تحفظ افراد کے لیے خطرہ سمجھا جا سکتا ہے۔ حفاظتی انٹیلیجنس کے معاملات پر ہم عوامی طور پر بات نہیں کرتے۔‘
ایرانی سرکاری ٹی وی پر نشر ہونے والی تین منٹ کی ویڈیو میں بیرن ٹرمپ، جو 20 سال کے ہیں، کے قتل کے ممکنہ منصوبے پر بات کی گئی، دعویٰ کیا گیا کہ ان کی نگرانی کی جا رہی ہے اور الزام لگایا گیا کہ ان کے قتل کے لیے 10 ملین ڈالر کا انعام رکھا گیا ہے۔
امریکہ اور ایران نے تقریباً چھ ماہ سے جاری جنگ کے دوران سخت بیانات کا سلسلہ جاری رکھا ہے، جو فروری میں امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے شروع ہوئی تھی۔
روئٹرز نے اس ماہ کے اوائل میں رپورٹ کیا تھا کہ امریکہ کو گذشتہ سال کے دوران اسرائیل کی جانب سے کئی بار خبردار کیا گیا کہ ایران صدر ٹرمپ کو قتل کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے، جن میں ترکیہ میں ایئر فورس ون کے خفیہ آپریشن بھی شامل ہے۔
ٹرمپ نے خود کو ایران کی ’کل لسٹ میں نمبر ون‘ قرار دیا ہے۔
