یقین ہے کہ ایرانی رہنما خامنہ ای زندہ ہیں: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ
یقین ہے کہ ایرانی رہنما خامنہ ای زندہ ہیں: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ
جمعرات 27 اگست 2026 6:04
مجتبیٰ خامنہ فروری کے بعد سے منظر عام پر نہیں آئے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ ایران کے سپریم لیڈر زندہ ہیں۔
ان کا اشارہ مجتبیٰ خامنہ ای کی طرف تھا جو کہ سابق سپریم لیڈ آیت اللہ خامنہ ای کے بیٹے ہیں اور حملوں میں ان کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔
مجتبیٰ خامنہ فروری کے بعد سے مںظرعام پر نہیں آئے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق گلین بیک کو ریڈیو انٹرویو کے دوران بتایا کہ ’مجھے نہیں لگتا کہ وہ مر گئے ہیں، وہ بہت بری طرح زخمی ہوئے تھے۔ ان کے جسم کا بایاں حصہ، بازو، ٹانگ بہت متاثر ہوئے تھے لیکن مجھے نہیں لگتا کہ وہ گزر گئے ہیں۔‘
سرکاری طور پر مجتبیٰ خامنہ ای اب بھی اپنے ملک کی قیادت کر رہے ہیں تاہم ان کی عوامی سطح پر غیرموجودگی اور حکومتی اختیارات میں پاسداران انقلاب کے پرانے رہنماؤں کے بھر کر سامنے سے یہ ایسی قیاس آرائیاں بڑھ گئی ہیں کہ یا تو وہ ہلاک ہو چکے ہیں یا پھر وہ معاملات کو مکمل طور پر نہیں چلارہے۔
ان کے والد آیت اللہ خامنہ ای فروری کے اواخر میں ہونے والے امریکہ و اسرائیل کے مشترکہ حملے میں ہلاک ہو گئے تھے۔
انٹرویو کے دوران صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز کھلی ہوئی ہے (فوٹو: روئٹرز)
صدر ٹرمپ پہلے بھی کئی بار ایران کے خلاف فتح کا اعلان کر چکے ہیں لیکن ابھی تک وہ آبنائے ہرمز کو کھلوانے اور ایران کو جوہری مواد امریکہ کے حوالے کرنے پر مجبور کرنے میں کامیاب نہیں ہوئے۔
تاہم اس کے باوجود بھی ان کا کہنا ہے کہ فوجی اور معاشی دباؤ ایران کے خلاف مؤثر ثابت ہو رہا ہے۔
ان کے مطابق ’معاملات ایک بڑی فتح کی طرف بڑھ رہے ہیں جو کہ ہمیں جلد ہی حاصل ہونے والی ہے۔‘
صدر ٹرمپ نے یہ اصرار بھی کیا کہ آبنائے ہرمز مکمل طور پر کھلی ہوئی ہے، حالانکہ ایران کی فوج نے اس گزرگاہ پر بہت بڑی رکاوٹ ڈال رکھی ہے اور اس کو بہت حد تک بند کر رکھا ہے۔
آیت اللہ خامنہ ای 28 فروری کو ایران پر امریکہ و اسرائیل کے حملوں میں ہلاک ہوئے تھے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
تاہم جب ہوسٹ نے ایک بار پھر صدر ٹرمپ سے پوچھا کہ وہ یہ یقین سے کہہ سکتے ہیں کہ آبنائے ہرمز کھلی ہوئی ہے؟
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اب ہم اس گزرگاہ سے بہت سے بحری جہاز گزار رہے ہیں اور سمندری بارودی سرنگیں بھی ختم کر دی گئی ہیں۔
انہوں نے ایک بار پھر عزم ظاہر کیا کہ ’ہم ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے اور 99 اعشاریہ نو فیصد معاملہ یہی ہے کیونکہ وہ کریزی ہیں اور اس کو استعمال کریں گے۔‘
صدر ٹرمپ کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ اس کو پہلے بھی دو بار روک چکے ہیں۔