Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مجتبیٰ خامنہ ای سے ملاقات کرنا چاہتا ہوں: صدر ٹرمپ، نیتن یاہو کو ’پاگل‘ کہنے کی بھی تصدیق

صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ’وہ ایران کے رہبرِ اعلٰی مجتبیٰ خامنہ ای سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ایران کے رہبرِ اعلٰی مجتبیٰ خامنہ ای سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں، اور ممکن ہے کہ مستقبل میں اُن سے ملاقات ہو جائے، یہ سب حالات پر منحصر ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ’نیویارک پوسٹ‘ کی پوڈکاسٹ میں انٹرویو کے دوران صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’میں اُن سے ملنا چاہوں گا، اور شاید ہم کسی وقت ملاقات بھی کریں، یہ اس بات پر منحصر ہے کہ معاملات کس طرح آگے بڑھتے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ایران پہلے ہی اس بات پر رضامند ہے کہ وہ جوہری ہتھیار نہیں بنائے گا، اور ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ امریکہ کے ساتھ مذاکرات کے عمل میں شامل ہیں۔‘
امریکی صدر نے اس حوالے سے مزید بتایا کہ ’ایرانیوں نے پہلے ہی اس بات پر اتفاق کر لیا ہے کہ وہ ایٹمی ہتھیار نہیں رکھیں گے۔‘
لبنان کے معاملے پر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے ساتھ تلخی کا اعتراف بھی کیا۔ انہوں نے کہہ کہ ’میں لبنان کے ساتھ اسرائیل کی مسلسل لڑائی سے خُوش نہیں تھا۔‘
انہوں نے واضح کیا کہ ’میں غصے میں نہیں تھا، لیکن میں اُن کی لبنان کے ساتھ مسلسل لڑائی پر کچھ پریشان ضرور تھا۔‘ 
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’میرے اور بنیامین نیتن یاہو کے درمیان تعلقات بہت اچھے ہیں۔‘
واضح رہے کہ امریکی نیوز ویب سائٹ ’ایکسیوس‘ نے ایک نامعلوم امریکی عہدے دار کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا تھا کہ ‘صدر ٹرمپ پیر کو بنیامین نیتن یاہو کے ساتھ ٹیلی فونک بات چیت میں برہم ہوگئے تھے۔
انہوں نے اسرائیلی وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’تم پاگل ہو گئے ہو۔ اگر میں نہ ہوتا تو تم جیل میں ہوتے۔ میں تمہیں بچا رہا ہوں۔ اب ہر کوئی تم سے نفرت کرتا ہے۔ اسی وجہ سے ہر کوئی اسرائیل سے بھی نفرت کرنے لگا ہے۔‘
ڈونلڈ ٹرمپ نے انٹرویو کے دوران بتایا کہ ایک موقعے پر میں نے کہا کہ ’بی بی (بنیامین نیتن یاہو کے بچپن کی عُرفیت) ہمیں اِسے روکنا ہوگا۔ ہمیں یہ بند کرنا ہوگا۔‘

 

شیئر: