Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الباحہ میں بارش اور ژالہ باری، رغدان فورسٹ پارک کا حسن نکھر گیا

مقامی شہریوں نے خوشگوار موسم کا بھر پور لطف اٹھایا (فوٹو: ایس پی اے)
الباحہ ریجن میں ہونے والی بارش اور ژالہ باری نے پارکوں کے قدرتی حسن کو مزید نکھار دیا ہے۔ فطرت کے حسین مناظر اور خوشگوار موسم نے ماحول کو دلکش بنا دیا، جہاں قدرتی حسن اور سکون کا لطف ایک ساتھ محسوس کیا جا سکتا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق رغدان فورسٹ پارک میں بارش اور ژالہ باری کے بعد دلکش قدرتی مناظر نے ہر سو حسن بکھیر دیا۔ سرسبز و شاداب درختوں اور پہاڑوں نے گویا ایک خوبصورت سبز کینوس کی شکل اختیار کر لی  جس پر فطرت نے اپنے رنگ بکھیر دیے۔
پارک میں بنائے گئے نکاسیٔ آب کے راستوں میں بہتے پانی نے عرعر کے درختوں اور گھنے پودوں کے درمیان قدرتی مناظر کو مزید دلکش اور حسین بنا دیا۔
بارش اور ژالہ باری نے پارک میں دلکش منظر پیش کر دیا، جبکہ اولوں کی سفید چادر نے سبزہ زاروں کو ڈھانپ لیا۔ مقامی شہریوں اور سیاحوں نے اس خوشگوار موسم کا بھرپور لطف اٹھایا اور حسین مناظر کو اپنے کیمروں میں محفوظ کر لیا۔

 بارش کے دوران پارک کا حسن پہاڑی مناظر اور گھنے درختوں کے باعث مزید نکھر گیا۔ اس کے ساتھ آبی گزر گاہیں، پتھریلے راستے اور لکڑی کے پل اس منظر کو دوبالا کرتے ہیں۔
رغدان فورسٹ پارک الباحہ ریجن کے نمایاں قدرتی اور سیاحتی مقامات میں سے ایک ہے۔ یہ سروات کے پہاڑی علاقے میں الباحہ شہر سے مغرب میں واقع ہے جہاں سے تھامہ کی ڈھلوانیں بھی نظر آتی ہیں۔

یہاں کی گھنے سبزہ زار، متنوع زمینی ساخت اور دور دور تک پھیلے دلکش مناظر مل کر اس علاقے کے قدرتی حسن کو دوبالا کر دیتے ہیں۔
یہ جنگل، قدیم اور سدا بہار عرعر کے درختوں کی وجہ سے بھی پہچانا جاتا ہے جو علاقے کی ماحولیاتی شناخت کا ایک حصہ ہیں۔ یہاں اکثر دھند چھائی رہتی ہے جس سے منظر اور بھی حسین ہو جاتا ہے۔

شیئر: