Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لارڈز ٹیسٹ: بارش پھر آ گئی، انگلینڈ کی مجموعی برتری 279 رنز

تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو 0-1 سے برتری حاصل ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
لارڈز میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز بارش نے ایک بار پھر کھیل روک دیا ہے۔ کھانے کے وقفے کے بعد دوبارہ شروع ہونے والا کھیل بھی زیادہ دیر جاری نہ رہ سکا اور بارش کے باعث کھلاڑیوں کو میدان سے واپس آنا پڑا۔
بارش سے کھیل روکے جانے کے وقت انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 99 رنز بنا لیے تھے اور پاکستان کے خلاف اس کی مجموعی برتری 279 رنز ہو چکی تھی۔
انگلینڈ نے دن کا آغاز 81 رنز  تین کھلاڑی آؤٹ سے کیا تھا۔ بارش کے باعث ابتدائی سیشن مکمل طور پر متاثر ہونے کے بعد کھیل دوبارہ شروع ہوا تو پاکستان کو جلد ہی کامیابی ملی اور ایمیلیو گے 31 رنز بنا کر محمد عباس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
اس کے بعد ہیری بروک اور لارنس نے انگلینڈ کی دوسری اننگز کو آگے بڑھایا، تاہم خراب موسم نے ایک بار پھر کھیل میں خلل ڈال دیا۔
تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو 0-1 سے برتری حاصل ہے۔ 
لارڈز ٹیسٹ میں  جاری دوسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ  مضبوط پوزیشن میں ہے۔ میزبان ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 81 رنز بنا لیے ہیں اور اسے مجموعی طور پر 261 رنز کی برتری حاصل ہے۔
انگلینڈ کی موجودہ برتری اس سیریز میں پاکستان کے اب تک کے تین مکمل اننگز کے مجموعی سکور سے بھی زیادہ ہے۔ پاکستان نے انگلینڈ میں کھیلے گئے کسی بھی ٹیسٹ کی چوتھی اننگز میں آج تک 234 سے زیادہ رنز نہیں بنائے۔
اس سے قبل جمعے کو انگلینڈ نے پاکستان کی پہلی اننگز صرف 110 رنز پر سمیٹ دی تھی۔ انگلش فاسٹ بولر اولی رابنسن نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے صرف 13 اوورز میں 11 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔
انگلینڈ کی دوسری اننگز میں اوپنر ایمیلیو گے 30 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں جبکہ ہیری بروک سات رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔
ایمیلیو گے کے لیے یہ اننگز بھی اہمیت رکھتی ہے۔ وہ اپنے پہلے آٹھ ٹیسٹ اننگز میں محض 22.50 کی اوسط سے رنز بنا سکے ہیں اور ان کی فارم پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ انگلینڈ کے باصلاحیت بلے باز جیکب بیتھل کی فٹنس بحال ہونے کے بعد ٹیم میں واپسی کی صورت میں ان کی جگہ کے حوالے سے بھی قیاس آرائیاں جاری ہیں۔
دوسری جانب ہیری بروک ایک سال سے زائد عرصے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں سنچری بنانے کے منتظر ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بروک اس وقت ٹیسٹ کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں نمبر ایک بلے باز ہیں۔

شیئر: