سعودی پروجیکٹ نے یمن میں مزید 819 دھماکہ خیز ڈیوائسز کلیئر کیں
اب تک 5 لاکھ 88 ہزار 325 مائنز کو تلف کیا جا چکا ہے ( فوٹو: ایکس اکاؤنٹ مسام)
سعودی عرب کے مسام پروجیکٹ کی ٹیموں نے گزشتہ ہفتے یمن کے مختلف علاقوں سے 819 دھماکہ خیز ڈیوائسز کو ہٹایا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ان میں ایک ہزار 764 ناکارہ یا پھٹنے سے رہ جانے والا آرڈیننس، 29 اینٹی ٹینک، 23 اینٹی پرسنل بارودی سرنگیں اور 3 دیسی ساختہ دھماکہ خیز ڈیوائسز شامل ہیں۔
دھماکہ خیز مواد اور بارودی سرنگوں کو بلا تفریق زمین میں بچھایا گیا تھا جو عام لوگوں، خاص طور پر بچوں، خواتین اور عمر رسیدہ افراد کے لیے سنگین خطرہ تھیں۔
مارب، عدن، جوف، شبوہ، تعز،الحدیدہ، لحج، صنعا، البیضا، صعدہ اور الضالع میں بارودی سرنگیں ہٹانے کے لیے کارروائیاں کی گئیں۔
2018 میں پروجیکٹ کے آغاز کے بعد سے اب تک 5 لاکھ 88 ہزار 325 مائنز کو تلف کیا جا چکا ہے۔
پروجیکٹ کے تحت مختلف ٹیموں کو دیہات، سڑکوں اور سکولوں سے بارودی سرنگوں یا دھماکہ خیز مواد کو ہٹانے کا کام سونپا جاتا ہے تاکہ عام لوگ محفوظ رہتے ہوئے نقل و حرکت کر سکیں۔ انسانی امداد کی فراہمی کو آسان بنایا جا سکے۔

پروجیکٹ کے تحت باردوی سرنگیں صاف کرنے والے مقامی انجینیئروں کی تربیت کی جاتی ہے اور انھیں آلات فراہم کیے جاتے ہیں اور جو یمنی دھماکہ خیز مواد کی وجہ سے زخمی ہو جاتے ہیں، یہ پروجیکٹ انھیں مدد بھی دیتا ہے۔
