المخا پر حملہ، یمنی فوج کا حوثیوں کے خلاف جوابی کارروائی کا عزم
فوج کا کہنا ہے کہ اپنے شہریوں کے جان و مال کا تحفظ کیا جائے گا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
یمن کی مسلح افواج نے کہا ہے کہ حوثیوں کو المخا پر میزائل اور ڈرون حملے کا جواب دیا جائے گا جس میں سات افراد ہلاک اور 30 زخمی ہوئے تھے۔
عرب نیوز کے مطابق یمنی فوج کا کہنا ہے کہ بحیرۂ احمر کے بندرگاہی شہر میں اتوار کو اس کی یونٹس پر ہونے والے حملے کو وہ پوری مسلح افواج پر حملہ تصور کرتی ہے اور اسی بنیاد پر ایسے کسی بھی حملے سے نمٹا جائے گا۔
فوج کے ترجمان کرنل وحید اللہ النزال نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’ہمارے پاس خطرات کو بے اثر کرنے لیے قوت ارادی، قابلیت اور پہل کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔‘
یمنی فوج کے مطابق حملے میں اس کے چار اہلکار اور تین عام شہری جان سے گئے تھے جبکہ زخمی ہونے والے 30 افراد میں سے زیادہ تر عام شہری ہیں۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ حوثیوں نے میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے شہری تنصیبات، گھروں، بجلی گھروں اور فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔
فوج کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ فضائی دفاعی نظام نے حملے میں شامل حوثیوں کے 11 ڈرونز کو راستے میں تباہ کیا۔
یہ عزم بھی ظاہر کیا گیا ہے کہ یمن کی فوج ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گی اور اپنے شہریوں کے جان و مال کا تحفظ کرے گی۔