Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گورنر قصیم  کا بریدہ انٹرنیشنل ڈیٹس کارنیوال کا دورہ

قصیم ریجن میں کھجور کے درختوں کی تعداد 11 ملین سے زیادہ ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
گورنر قصیم شہزادہ ڈاکٹر فیصل بن مشعل نے بریدہ انٹرنیشنل ڈیٹس کارنیوال کا دورہ کیا اور کھجوروں کی نیلامی، خرید و فروخت اور مارکیٹنگ کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر انہیں مخصوص کمپنیوں کی جانب سے فراہم کی جانے والی لاجسٹک خدمات کے بارے میں آگاہ کیا گیا جو کھجوروں کی پیکنگ، شپنگ اور ڈسٹری بیوشن کے کام میں معاونت کرتی ہیں۔
یہ خدمات کھجوروں کے معیار کو برقرار رکھنے، مملکت اور بین الاقوامی مارکیٹ تک ان کی بروقت اور موثر ترسیل کو یقینی بنانے میں مدد کرتی ہیں۔
ٹرانسپورٹیشن اور شپنگ کی خدمات مملکت کے تمام علاقوں اور 100 سے زیادہ شہروں اور کمشنریوں کو کور کرتی ہیں جبکہ ایئرفریٹ کے ذریعے کھجوریں 70 سے زائد ملکوں تک پہنچتی ہیں۔
گورنر قصیم نے کھجور کے شعبے کی ترقی اور پروسیسنگ انڈسٹری کو وسعت دینے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ کھجوروں کی اقتصادی قدر کو بڑھایا اور تمام مارکیٹوں میں قومی مصنوعات کی موجودگی کو مضبوط بنایا جا سکے۔
کارنیوال جو 10 ستمبر تک جاری رہے گا، تجارت کی سپورٹ کے ساتھ ٹرانسپورٹیشن، شپنگ، پیکیجنگ اور ڈسٹری بیوشن سروسز کے ذریعے سعودی کھجوروں کی مقامی علاقائی اور بین الاقوامی مارکیٹوں تک رسائی کو بڑھاتا ہے۔

کارنیوال نے کھجور کے شعبے میں قصیم ریجن کی نمایاں حیثیت کو اجاگر کیا ہے جہاں مملکت کی کھجوروں کی مجموعی پیداوار کا تقریبا نصف پیدا ہوتا ہے۔
 ریجن میں کھجور کے درختوں کی تعداد 11 ملین ہے جن سے سالانہ 578 ہزار ٹن کھجور کی پیداوار حاصل ہوتی ہے۔

یہ شعبہ ہر سال قصیم کی معیشت میں 3.2 ارب ریال کا حصہ بھی ڈالتا ہے جبکہ چار ہزار افراد کو براہ راست اور بالواسطہ ملازمتیں بھی فراہم کرتا ہے۔
کارنیوال کی خاص بات یہ ہے کہ یہاں کھجوروں کی نیلامی براہ راست کی جاتی ہے جس سے کاشتکاروں کو اپنی فصل فروخت کرنے کا بہترین موقع میسر آتا ہے۔

 

شیئر: