کم مٹھاس والی العنبرہ کھجور، مدینے کی نایاب اور قدیم ترین اقسام میں سے ایک
جمعرات 27 اگست 2026 11:15
العنبرہ بڑے سائز، گہرے سرخ رنگ اور منفرد خوشبو کی وجہ سے منفرد ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
’العنبرہ‘ (عنبر) کھجور کا شمار مدینہ ریجن کی نایاب، مہنگی اور قدیم ترین کھجوروں کی اقسام میں ہوتا ہے۔ مملکت میں عجوہ کے بعد یہ سب سے زیادہ معروف ہے۔
ایس پی اے کے مطابق اس کی کٹائی رطب کے سیزن کے اختتام پر اگست اور ستمبر میں مدینہ اور اس کی کمشنریوں میں شروع ہوتی ہے۔
’العنبرہ‘ کھجور اپنی بیضوی شکل، بڑے سائز، گہرے سرخ رنگ، منفرد خوشبو اور کم شکر کی مقدار کی وجہ سے منفرد ہے۔ یہ خصوصیات اسے ایک اعلٰی معیار کی کھجوروں کی اقسام میں شامل کرتی ہیں۔
مدینے میں خریدار اور زائرین خاص طور پر ان کھجوروں کو پسند کرتے ہیں اور اسے تلاش کرتے ہیں۔
العنبرہ کی فصل کو مملکت میں کھجور کی نایاب فصلوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے کیونکہ اس کی کاشت مشکل ہے۔ اس کے بیجوں کی زیادہ قیمت اور سالانہ پیداوار کم ہے۔
العنبرہ کی دیکھ بھال میں احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے۔ ایک کھجور کے درخت کی سالانہ پیداوار 70 کلو گرام سے زیادہ نہیں ہوتی۔

مدینے میں کھجوروں کا شعبہ اپنی پیداوار کے تنوع، کثرت اور معیار کے حوالے سے نمایاں ہے۔ پورے خطے میں 26 ہزارسے زیادہ باغات میں 80 لاکھ سے زیادہ کھجور کے درخت ہیں جن کی پیداوار 60 ملکوں کو برآمد کی جاتی ہے۔
