Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مقامی کاشتکاروں کی حوصلہ افزائی، العیص زرعی مصنوعات فیسٹیول شروع

زرعی پیداوار کی نمائش اور اس کے تنوع کو اجاگر کیا جا رہا ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
مدینہ ریجن میں پانچ روزہ ’العیص زرعی مصنوعات فیسٹیول‘ کا آغاز ہوگیا جہاں مقامی زرعی پیداوار کی نمائش کے ساتھ اس کے تنوع کو بھی اجاگر کیا جا رہا ہے۔
فیسٹیول مقامی کاشتکاروں اور کاٹیج انڈسٹری کو علاقائی فصلوں کی مارکیٹنگ کے لیے براہ راست پلیٹ فارم مہیا کر رہا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق اس ایونٹ کا انعقاد پبلک میونسپل پارک میں کیا گیا ہے اور روزانہ شام پانچ سے رات دس بجے تک وزیٹرز کا خیر مقدم کیا جا رہا ہے۔
فیسٹیول میں موجود کھجور، گندم، شہد، اور روایتی دستکاری کے پویلین میں علاقے کی زرخیز زرعی پیداوار اور ثقافتی ورثے کو اجاگر کر رہے ہیں۔ اس کے ساتھ تفریحی سرگرمیاں اور بچوں کے لیے الگ زون بھی موجود ہے۔

وزیٹرز کو زرعی مصنوعات اور ان کی پیداوار کے مراحل کے بارے میں جاننے کے علاوہ کاشتکاروں کے ساتھ براہ راست بات چیت کا موقع ملتا ہے۔
یاد رہے کہ العیص کمشنری میں زراعت کی تاریخ طویل ہے۔ یہاں کھجور کے درختوں کی کاشت قدیم زمانے سے چلی آ رہی ہے، جب یہ علاقہ حج اور تجارتی قافلوں کے ایک اہم پڑاؤ کے طور پر استعمال ہوتا تھا۔ اسی وجہ سے کھجوروں کی کاشت یہاں کے لوگوں کی روزمرہ زندگی کا اہم حصہ بن گئی۔

گندم کی پیداوار کے حوالے سے بھی العیص کمشنری کا شمار اہم خطوں میں ہوتا ہے۔ ’العیص گندم‘ ایک اعلٰی معیار کی مقامی قسم ہے۔
گندم کی اس قسم کی کاشت بارانی زرعی طریقۂ کار کے تحت کی جاتی ہے۔ اپنی منفرد قدرتی خصوصیات کے باعث اسے ملکی اور بین الاقوامی منڈیوں میں قدر حاصل ہے۔

 

شیئر: