Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بریدہ کھجور فیسٹیول: ایک ہفتے میں 17.9 ملین ریال کی فروخت کا ریکارڈ

قصیم  ریجن میں کھجور کے درختوں کی تعداد 11 ملین ہے( فوٹو: ایس پی اے)
بریدہ انٹرنیشنل ڈیٹس فیسٹیول میں تجارت اور خریداری کی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
اس کی وجہ کھجور کی متنوع اقسام کی مسلسل فراہمی، سعودی عرب، جی سی سی ممالک اور بین الاقوامی مارکیٹوں سے خریداروں کی بڑھتی ہوئی آمد ہے۔
ایس پی اے کے مطابق بریدہ انٹرنیشنل ڈیٹس فیسٹیول کے پہلے ہفتے میں فروخت 17.9 ملین ریال سے تجاوز کرگئی۔ 2,110,578 کلو گرام کھجوریں فروخت کی گئی ہیں۔
یہ فیسٹیول جو 10 ستمبر تک جاری رہے گا، تجارت کی سپورٹ کے ساتھ مربوط ٹرانسپورٹیشن، شپنگ، پیکیجنگ اور ڈسٹری بیوشن سروسز کے ذریعے سعودی کھجوروں کی مقامی علاقائی اور بین الاقوامی مارکیٹوں تک رسائی کو بڑھاتا ہے۔
اس فیسٹیول نے کھجور کے شعبے میں قصیم ریجن کی نمایاں حیثیت کو اجاگر کیا ہے، یہاں مملکت کی مجموعی کھجوروں کی پیداوار کا تقریبا نصف پیدا ہوتا ہے۔
 ریجن میں کھجور کے درختوں کی تعداد 11 ملین ہے، جن سے سالانہ 578 ہزار ٹن کھجور کی پیداوار حاصل ہوتی ہے۔

یہ شعبہ ہر سال قصیم کی معیشت میں 3.2 ارب ریال کا حصہ بھی ڈالتا ہے جبکہ چار ہزار افراد کو براہ راست اور بالواسطہ ملازمتیں بھی فراہم کرتا ہے۔
بریدہ کھجور فیسٹیول میں سکری کھجوروں کی مارکیٹنگ کی جاتی ہے، جس میں مقامی اور بین الاقوامی مارکیٹوں میں سب سے زیادہ مانگ ہے۔
کھجور فیسٹیول کی خاص بات یہ ہے کہ یہاں کھجوروں کی نیلامی براہ راست کی جاتی ہے، جس سے کاشتکاروں کو اپنی فصل فروخت کرنے کی بہترین موقع میسر آتا ہے۔

نیلامی میں لائی جانے والی کھجوروں کی مارکیٹنگ بھی مختلف انداز سے کی جاتی ہے۔ بعض تاجر روزانہ بنیاد پر طلب کو دیکھتے ہوئے اپنا مال مارکیٹ کرتے ہیں، جبکہ کچھ تاجر کولڈ سٹوریج میں محفوظ کرتے اور بعدازاں انہیں فروخت کے لیے پیش کرتے ہیں۔
واضح رہے بریدہ انٹرنیشنل کھجور فیسٹیول ایک اہم پلیٹ فارم ہے، جہاں کاشتکاروں اور تاجروں کا براہ راست رابطہ ہوتا ہے جس سے موثر تجارت کو فروغ ملتا ہے۔

 

شیئر: