Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یو ایس اوپن: ’مجھے بھنگ کی بُو آرہی ہے‘، خاتون کھلاڑی کی شکایت پر ٹینس میچ روک دیا گیا

دو مرتبہ کی دفاعی چیمپئن ارینا سبالینکا اپنی فارم دوبارہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں (فوٹو: دی گارجین)
ارینا سبالینکا نے یو ایس اوپن میں اپنے میچ کے دوران کورٹ میں بھنگ کی شدید بو آنے پر کچھ دیر کے لیے کھیل روک دیا، تاہم انہوں نے نیویارک میں ہونے والے اس مقابلے میں باآسانی کامیابی حاصل کرتے ہوئے چوتھے راؤنڈ میں جگہ بنا لی۔
دو مرتبہ کی دفاعی چیمپئن ارینا سبالینکا اپنی فارم دوبارہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ انہوں نے کیمیلا رخیمووا کی جانب سے ملنے والے مشکل چیلنج پر قابو پاتے ہوئے 6-3، 6-4 سے کامیابی حاصل کی۔
ارینا سبالینکا میچ کے آغاز میں جب 3-0 سے آگے تھیں، تو وہ مسکراتے ہوئے چیئر امپائر ایوا اسدراکی-مور کے پاس گئیں اور کہا کہ ’کوئی شخص بھنگ پی رہا ہے، کیا آپ کچھ کر سکتی ہیں؟ کیونکہ بو بہت تیز ہے۔‘
بعد میں ارینا سبالینکا نے امپائر کے ساتھ ہونے والی گفتگو کا ذکر کرتے ہوئے ہنستے ہوئے کہا کہ ’میں نے کہا، آپ لوگ جو کرنا چاہتے ہیں کریں، جو پینا یا سگریٹ پینا چاہتے ہیں پیئیں، جتنا آرام کرنا چاہتے ہیں کریں، لیکن براہِ کرم ٹینس کورٹس کے آس پاس ایسا نہ کریں۔ جب آپ بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کر رہے ہوں تو اس بو کو برداشت کرنا ذرا مشکل ہو جاتا ہے۔‘
نیویارک میں بھنگ کا استعمال قانونی ہے اور شہر کے دیگر حصوں کی طرح ٹورنامنٹ کے احاطے کے آس پاس بھی اس کی بو محسوس کی جا سکتی ہے۔ گزشتہ چند برسوں کے دوران یو ایس اوپن میں یہ معاملہ اکثر گفتگو کا موضوع بنتا رہا ہے۔
ابتدا میں ارینا سبالینکا کو لگا کہ شاید یہ بو تماشائیوں میں موجود کسی شخص یا بالکل قریب بیٹھے کسی فرد کی وجہ سے آ رہی ہے، تاہم بعد میں انہوں نے کہا کہ انہیں معلوم نہیں ہو سکا کہ بو کہاں سے آ رہی تھی۔
ان کے مطابق وہ نیویارک میں کئی برسوں سے مقابلوں میں حصہ لے رہی ہیں لیکن انہوں نے کبھی بھنگ کی اس قدر تیز بو محسوس نہیں کی۔
ارینا سبالینکا کے لیے سب سے اہم بات یہ ہے کہ انہوں نے ایک بھی سیٹ ہارے بغیر آخری 16 کھلاڑیوں میں جگہ بنا لی ہے اور ایسا لگتا ہے کہ وہ کورٹ میں دوبارہ اپنی فارم بحال کر رہی ہیں۔
اُن کی عالمی نمبر ایک کی پوزیشن خطرے میں ہے۔ وہ گزشتہ 97 ہفتوں سے عالمی نمبر ایک ہیں، لیکن وہ اگر مسلسل تیسری مرتبہ یو ایس اوپن کا ٹائٹل جیتنے میں کامیاب نہ ہوئیں اور عالمی نمبر دو ایلینا ریباکینا سیمی فائنل سے پہلے ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئیں تو اینا سبالینکا اپنی نمبر ایک پوزیشن سے محروم ہو جائیں گی۔
دوسری جانب مردوں کے سنگلز کے 2021 کے چیمپئن ڈینیئل میدویدیف نے بھی نیویارک میں اپنی فارم بحال کرنے کا سلسلہ جاری رکھا اور چوتھے راؤنڈ میں پہنچ گئے۔
مردوں کے دفاعی چیمپئن کارلوس الکاراز بھی ساڑھے چار ماہ تک انجری کے باعث ٹینس سے دور رہنے کے بعد واپسی پر مسلسل اعتماد حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے چین کے وو یی بِنگ کو 6-3، 6-4، 6-1 سے شکست دے کر چوتھے راؤنڈ میں جگہ بنا لی۔

مردوں کے دفاعی چیمپئن کارلوس الکاراز بھی ساڑھے چار ماہ تک  ٹینس سے دور رہنے کے بعد واپسی پر مسلسل اعتماد حاصل کر رہے ہیں (فوٹو: ای پی اے)

اب الکاراز کا مقابلہ 20ویں سیڈ امریکی کھلاڑی ٹومی پال سے ہوگا، جنہوں نے 15 ویں سیڈ الیگزینڈر بوبلک کو 6-4، 3-6، 6-7 (4)، 6-1، 6-3 سے شکست دی۔
الکاراز نے اپنی کارکردگی کے بارے میں کہا کہ ’مجھے مقابلوں کی رفتار اور رِدھم دوبارہ واپس مل گیا ہے۔ میں جب بھی کورٹ میں قدم رکھتا ہوں، تو اپنی پوری توانائی لگا دیتا ہوں۔‘

شیئر: