رپورٹ کے مطابق ان کی اس دولت میں نمایاں اضافہ ان کے جوتوں اور کپڑوں کے برینڈ ’آن‘ کی وجہ سے ہوا ہے۔
راجر فیڈرر نے اپنے کیریئر کے دوران ٹینس کے علاوہ مختلف معاہدوں اور کاروباری سرگرمیوں سے تقریباً ایک ارب ڈالر کمائے۔ وہ مسلسل 16 برس تک ٹینس کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے کرنے والے کھلاڑی بھی رہے۔ البتہ ان کی انعامی آمدن ان کے حریف سمجے جانے والے نواک جوکووچ اور رافیل نڈال سے کم تھی۔
رپورٹ کے مطابق راجر فیڈرر ٹینس کے دوسرے ارب پتی کھلاڑی ہیں۔ ان سے قبل رومانیہ کے سابق کھلاڑی ای اون سیریاک اس فہرست میں شامل ہوئے تھے جنہوں نے سنہ 1970 کے ’فرینچ اوپن‘ کے مقابلوں میں کامیابی حاصل کی اور پھر اس کے بعد سرمایہ کاری کے ذریعے دولت کمائی۔
ارب پتی کھلاڑیوں کی فہرست میں باسکٹ بال کے لیجنڈری کھلاڑی مائیکل جارڈن، میجک جانسن اور لیبرون جیمز بھی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ باسکٹ بال ٹیم ’ملواکی بکس‘ کے کھلاڑی جونیئر برج کا نام بھی ارب پتی ایتھلیٹس میں آتا ہے جبکہ گالف سٹار ٹائیگر ووڈز بھی ارب پتیوں میں شامل ہیں۔
لیبرون جیمز کے علاوہ ٹائیگر ووڈز اس فہرست میں شامل وہ واحد کھلاڑی ہیں جو کھیل کے دوران ارب پتی بنے۔
کارلوس الکاراز نے گذشتہ ایک برس کے دوران 48.3 ملین ڈالرز کمائے (فائل فوٹو: گیٹی)
فوربز کے مطابق ہسپانوی کھلاڑی کارلوس الکاراز کو مسلسل دوسرے سال سب سے زیادہ کمائی کرنے والا ایکٹیو ٹینس کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے گذشتہ 12 ماہ کے دوران 48.3 ملین ڈالر کمائے۔ ٹینس کی تاریخ میں صرف راجر فیڈرر، جوکووچ اور نائومی اوساکا ہی ایسے کھلاڑی ہیں جنہوں نے ایک سال کے عرصے میں اس سے زیادہ کمائی کی ہو۔
مردوں کے عالمی نمبر ون ٹینس پلیئر یانک سنر 47.3 ملین ڈالر کمائی کے ساتھ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ ان کے علاوہ امریکی خاتون کھلاڑی کوکو گاف نے 37.2 ملین ڈالر کما کر فہرست میں تیسری پوزیشن پر رہیں جو گذشتہ 12 ماہ کے دوران کسی بھی خاتون کھلاڑی کی سب سے زیادہ آمدنی ہے۔
یہ پہلی مرتبہ ہے کہ ٹینس میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والے ابتدائی تینوں کھلاڑی 30 سال سے کم عمر ہیں۔ اس سے قبل سنہ 2010 میں راجر فیڈرر، ماریہ شراپووا اور نڈال نے یہ اعزاز اپنے نام کیا تھا۔
فوربز کے مطابق رواں سال سب سے زیادہ کمائی کرنے والے 10 ٹینس کھلاڑیوں نے مجموعی طور پر 285 ملین ڈالر کمائے جو گذشتہ برس کی نسبت 16 فیصد زیادہ ہیں تاہم یہ اب بھی 2020 کے ریکارڈ 343 ملین ڈالر سے کم ہیں۔