’ٹینس فار آل‘: قدیہ میں خطے کے سب سے بڑے ٹینس کمپلیکس کے قیام کا اعلان
مستقبل میں سعودی عرب بین الاقوامی ٹورنامنٹس کا مرکز بنے گا ( فوٹو: ایس پی اے)
القدیہ انویسٹمنٹ کمپنی کی جانب سے نیشنل ٹینس سینٹر کے قیام کا اعلان کیا گیا ہے جو خطے کا سب سے بڑا ٹینس کمپلکیس ہوگا۔
سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق ٹینس سینٹر قدیہ سٹی میں قائم کیا جا رہا ہے جسے مملکت کا تفریح، کھیل اور ثقافت کا دارالحکومت قرار دیا جاتا ہے۔ اسے ٹینس کے تمام شعبوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈیزائن کیا گیا ہے جو مستقبل میں سعودی عرب کو بین الاقوامی ٹورنامنٹس کا مرکز بنائے گا۔
وزیر سپورٹس اور سعودی اولمپک و پیرا اولمپک کمیٹی کے صدر شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل نے کہا کہ ’ٹینس، مملکت میں مقبول ترین کھیلوں میں شامل ہے اور یہ سینٹر اس کھیل کی ترقی میں بنیادی کردار ادا کرے گا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’یہ سینٹر عالمی معیار کے مطابق تعمیر کیا گیا ہے۔ اس میں بین الاقوامی چیمپیئن شپ اور سٹار پلیئرز کی میزبانی بہترین طریقے سے کی سکے گی۔‘
قدیہ انویسٹمنٹ کمپنی کے مینیجنگ ڈائریکٹر عبداللہ بن ناصر الداؤد نے کہا کہ ’قدیہ کے نیشنل ٹینس سینٹر میں دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کی میزبانی کے ساتھ ساتھ سعودی نوجوانوں کو بھی اپنی صلاحیتوں کے بھرپور اظہار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے، مقامی کمیونٹیز کو بھی اس کھیل سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملے گا۔‘
نیشنل ٹینس سینٹر کا ڈیزائن عالمی شہرت یافتہ آرکیٹیکچر کمپنی ’پاپولوس‘ تیار ک ررہی ہے۔ یہ منصوبہ ’اے ٹی پی‘ اور ’وومن ٹینس ایسوسی ایشن، انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کے عالمی معیار کے مطابق ہوگا، اسے عالمی سطح کے ٹورنامنٹس کی میزبانی کے لیے تیار کیا جا سکے گا۔

نیشنل ٹینس سینٹر خطے کا سب سے بڑا ٹینس کمپلیکس ہوگا جس میں 30 ٹینس کورٹس شامل ہوں گے، 28 ہارڈ کورٹس اور دو کلے کورٹس ہوں گے۔ یہ سینٹر ریاض سے تقریباً 45 کلو میٹر مغربی سمت واقع ہے۔
سینٹر کے مرکزی کورٹ میں 15 ہزار شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی۔ فولڈنگ چھت بھی نصب کی جائے گی۔ علاوہ ازیں 5 ہزار تماشائیوں کی گنجائش کا دوسرا سٹیڈیم اور دو ہزار نشستوں پر مشتمل تیسرا کورٹ بھی تعمیر کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں آٹھ ہزار افراد کی گنجائش والا ایک ملٹی پرپز گراؤنڈ ہو گا جہاں کھیلوں کے مقابلوں کے ساتھ ساتھ موسیقی اور ثقافتی تقریبات بھی منعقد کی جاسکیں گی۔ مجموعی طورپر کمپلیکس کی گنجائش 33 ہزار تک ہوگی۔
نیشنل ٹینس سینٹر میں عالمی سطح کا ٹریننگ سینٹر، جدید ترین جم، فزیوتھراپی کی سہولتیں، کھلاڑیوں کے لیے خصوصی لاؤنجز، میڈیا سینٹر اور پریس کانفرنس ہال بھی قائم کیے جائیں گے۔

’ٹینس فار آل‘ سلوگن کے تحت 60 ہزار سے زائد طلبہ کو سکولوں میں ٹینس کے کھیل سے متعارف کرانے کا اہتمام کیا جائے گا تاکہ نئی نسل کو اس کھیل کی جانب راغب کیا جا سکے۔
خیال رہے دسمبر 2025 میں ’سکس فلیگس قدیہ سٹی‘ عوام کے لیے کھولا گیا تھا۔ حال ہی میں واٹر پارک ’اکواریبیا‘ کا بھی افتتاح کیا گیا ہے۔
عالمی معیار کے موٹرسپورٹس ٹریک ’سپیڈ پارک ٹریک‘ پر تعمیراتی کام بھی جاری ہے جہاں مستقبل میں ’فارمولا ون‘ ورلڈ چیمپیئن شپ اور ’موٹو جی پی ورلڈ چیمپیئن شپ‘ جیسے بڑے ایونٹس کی میزبانی کی جائے گی۔
