آئی فون 18 پرو اور پہلا فولڈ ایبل آئی فون آج متوقع، پاکستانی ایپل ایونٹ کہاں دیکھ سکیں گے؟
آئی فون 18 پرو اور پہلا فولڈ ایبل آئی فون آج متوقع، پاکستانی ایپل ایونٹ کہاں دیکھ سکیں گے؟
بدھ 9 ستمبر 2026 12:46
ایپل کا ایونٹ 9 ستمبر کو امریکی بحرالکاہل کے وقت کے مطابق صبح 10 بجے شروع ہوگا۔(فوٹو:سی نیٹ)
دنیا بھر کی نظریں آج ہونے والے ایپل کے سالانہ ایونٹ پر ہیں، جہاں کمپنی کی جانب سے آئی فون 18 پرو، آئی فون 18 پرو میکس، پہلے فولڈ ایبل آئی فون، نئی ایپل واچز اور ایئر پوڈز سمیت نئی مصنوعات متعارف کرائے جانے کی توقع ہے۔
ویب سائٹ وائرڈ کے مطابق ایپل کا ایونٹ 9 ستمبر کو امریکی بحرالکاہل کے وقت کے مطابق صبح 10 بجے شروع ہوگا۔ یہ نئے چیف ایگزیکٹو جان ٹرنَس کی سربراہی میں ایپل کا پہلا لانچنگ ایونٹ بھی ہے۔
ایونٹ میں کے بارے میں خیال ظاہر کیا گیا ہے کہ وہاں سب سے زیادہ توجہ آئی فون 18 پرو اور آئی فون 18 پرو میکس پر ہو گی جبکہ نئے پرو ماڈلز میں نئی نسل کی چِپ، بہتر کارکردگی، کیمرا اپ گریڈ اور بیٹری میں بہتری متوقع ہے۔
اطلاعات کے مطابق پرو ماڈلز میں بہتر کیمرا نظام اور متغیر اپرچر کیمرا متعارف کرایا جاسکتا ہے، جبکہ ڈائنامک آئی لینڈ کو بھی پہلے کے مقابلے میں چھوٹا کیے جانے کی توقع ہے۔
ایپل کا پہلا فولڈ ایبل آئی فون
اہم پیش رفت ایپل کی جانب سے پہلا فولڈ ایبل فون بھی ہو سکتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق کتاب کی طرح کھلنے والے اس فون کو ممکنہ طور پر آئی فون الٹرا کا نام دیا جا سکتا ہے۔
میک رومرز کے مطابق فولڈ ایبل آئی فون میں تقریباً ساڑھے پانچ انچ کی بیرونی اور 7.8 انچ کی اندرونی سکرین ہو سکتی ہے تاہم فون کا حتمی نام، ڈیزائن، قیمت اور دیگر تفصیلات ایپل کے اعلان کے بعد ہی واضح ہوں گی۔
ایپل کا فولڈ ایبل فون کمپنی کے لیے اس لیے بھی اہم ہو گا کہ سمارٹ فون کی اس مارکیٹ میں سام سنگ، گوگل اور دیگر کمپنیاں پہلے ہی کئی برس سے موجود ہیں۔
فولڈ ایبل آئی فون میں تقریباً ساڑھے پانچ انچ کی بیرونی اور 7.8 انچ کی اندرونی اسکرین ہو سکتی ہے۔(فوٹو:سی نیٹ)
آئی فون 18 کب آئے گا؟
اس سال عام آئی فون 18 متعارف نہ کرائے جانے کا امکان بھی اہم ہے۔
میک رومرز کے مطابق ایپل پہلے مرحلے میں آئی فون 18 پرو، آئی فون 18 پرو میکس اور ممکنہ فولڈ ایبل آئی فون پر توجہ دے سکتا ہے، جبکہ عام آئی فون 18، آئی فون 18 ای اور آئی فون ایئر کی دوسری جنریشن کو 2027 کی بہار تک مؤخر کیا جا سکتا ہے۔
نئی ایپل واچز اور ایئر پوڈز
نئے آئی فونز کے ساتھ ایپل واچ سیریز 12 اور ایپل واچ الٹرا 4 بھی متعارف کیے جانے کی توقع ہے۔ نئی گھڑیوں میں کارکردگی، صحت اور فٹنس سے متعلق بہتریاں شامل ہو سکتی ہیں۔
اس کے علاوہ ایئر پوڈز کی نئی جنریشن بھی ایونٹ کا حصہ بن سکتی ہے جبکہ ایپل اپنے نئے آپریٹنگ سسٹمز جن میں آئی او ایس 27 اور دیگر سافٹ ویئر اپ ڈیٹس شامل ہیں، کی دستیابی کا اعلان بھی کر سکتا ہے۔
ایپل کا ایونٹ پاکستانی وقت کے مطابق آج رات 10 بجے شروع ہو گا۔(فوٹو:سی نیٹ)
پاکستان میں ایونٹ کب اور کہاں دیکھا جا سکے گا؟
ایپل کا ایونٹ پاکستانی وقت کے مطابق آج رات 10 بجے شروع ہو گا۔ نیویارک میں یہ دوپہر ایک بجے، لندن میں شام چھ بجے، دبئی میں رات نو بجے اور انڈیا میں رات ساڑھے 10 بجے شروع ہو گا۔
پاکستانی صارفین ایپل کی آفیشل ویب سائٹ، ایپل ٹی وی اور یوٹیوب پر ایونٹ براہ راست دیکھ سکیں گے۔
پاکستان میں نئے آئی فون کب ملیں گے؟
رپورٹس کے مطابق نئے آئی فونز کے عالمی پری آرڈرز 12 ستمبر سے شروع ہو سکتے ہیں جبکہ ابتدائی مارکیٹوں میں فروخت ستمبر کے وسط میں شروع ہونے کی توقع ہے۔ تاہم پاکستان میں آئی فون 18 پرو، پرو میکس اور ممکنہ فولڈ ایبل آئی فون کی دستیابی کی حتمی تاریخ اور قیمت ابھی سامنے نہیں آئی۔
پاکستانی مارکیٹ میں نئے آئی فونز کی دستیابی عالمی لانچ کے بعد درآمد اور مقامی منظوری کے عمل پر منحصر ہ وگی۔ مقامی قیمت بھی عالمی قیمت سے مختلف ہو سکتی ہے۔