Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایپل کا بڑا سرپرائز: آئی فون 18 پرو اور نیا فولڈ ایبل آئی فون ڈیو متعارف، قیمت کتنی بڑھی؟

رواں سال ایپل نے اپنے آئی فون 18 پرو اور پرو میکس کی قیمتوں میں 100 ڈالر کا اضافہ کیا ہے۔ (فوٹو: ایپل)
امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اپنے سالانہ لانچ ایونٹ میں آئی فون 18 پرو، آئی فون 18 پرو میکس، آئی فون ڈیو ایئر پوڈز 5، ایپل واچ سیریز 12 اور ایپل واچ الٹرا 4 سمیت دیگر نئی مصنوعات متعارف کرا دی ہیں۔
بدھ کے روز ایپل پارک میں ہونے والی تقریب کا آغاز ایک افتتاحی ویڈیو سے ہوا، جس کے بعد ایپل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جان ٹرنَس نے سٹیج سنبھالا۔ انہوں نے کمپنی کی آئندہ مصنوعات میں مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے کردار اور آئی فون کو صارف کی ذاتی زندگی، ایپس اور دیگر آلات کے درمیان ایک اہم مرکز بنانے پر زور دیا۔ 
تقریب میں پہلے آئی فون 18 پرو اور آئی فون 18 پرو میکس پیش کیے گئے، جن کے بعد ایئر پوڈز 5 اور ایپل واچ سیریز 12 اور الٹرا 4 کی باری آئی۔ تاہم تقریب کا سب سے بڑا سرپرائز آخر میں سامنے آیا، جب ایپل نے پہلی بار فولڈ ہونے والا آئی فون ڈیو پیش کیا۔
آئی فون 18 پرو اور 18 پرو میکس

آئی فون 18 پرو اور 18 پرو میکس میں اس بار سب سے نمایاں تبدیلی کارکردگی، کیمرا، بیٹری اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں کی گئی ہے۔ دونوں فونز میں نیا اے 20 پرو چِپ دیا گیا ہے جو 2 نینو میٹر ٹیکنالوجی پر مبنی ہے۔ اس میں نیا 6 کور سی پی یو اور 7 کور گرافکس نظام شامل ہے، جبکہ دوسری نیورل انجن کے اضافے سے مصنوعی ذہانت کی کارکردگی بھی دگنی کی گئی ہے۔
حرارت کو قابو میں رکھنے کے لیے نئے بخاراتی چیمبر کا رقبہ گزشتہ نسل کے مقابلے میں تین گنا کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں مسلسل کارکردگی میں 40 فیصد تک بہتری کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
کیمرا نظام میں 48 میگا پکسل مرکزی کیمرا دیا گیا ہے، جس میں پہلی بار ویریئبل  اپرچر شامل کیا گیا ہے۔ کم روشنی میں اپرچر زیادہ کھل کر تقریباً 50 فیصد زیادہ روشنی حاصل کرسکتا ہے، جبکہ گروپ تصاویر میں زیادہ گہرائی کے لیے اسے محدود بھی کیا جاسکتا ہے۔ ویڈیو کے لیے 4 کے ڈولبی وژن، بہتر آواز اور کیمرا کنٹرولز بھی شامل کیے گئے ہیں۔

ڈائنامک آئی لینڈ کو بھی چھوٹا اور زیادہ کارآمد بنایا گیا ہے، جو بیک وقت تین لائیو سرگرمیاں دکھا سکتا ہے۔ آئی او ایس 27 میں ایئر ڈراپ کی رفتار 80 فیصد تک بہتر، تلاش میں بہتری اور ایک فون نمبر کو دو آئی فونز پر استعمال کرنے کی سہولت بھی شامل ہے۔

بیٹری کے لحاظ سے آئی فون 18 پرو میکس 45 گھنٹے تک ویڈیو چلانے کی صلاحیت رکھتا ہے، جبکہ تیز چارجنگ سے تقریباً 15 منٹ میں 50 فیصد تک بیٹری چارج کی جاسکتی ہے۔

آئی فون 18  پرو کے رنگوں میں سیاہ، سلور، گلیشیئر اور برگنڈی شامل ہیں۔ آئی فون 18 پرو کی ابتدائی قیمت 1,199 ڈالر جبکہ 18 پرو میکس کی قیمت 1,299 ڈالر ہے۔

 ایپل کی جانب سے پہلی بار 2 ٹی بی سٹوریج کی گنجائش بھی دی گئی ہے۔ آئی فون 18 پرو اور پرو میکس پری آرڈر 12 ستمبر سے شروع ہوں گے اور فون 18 ستمبر کو دستیاب ہوں گے۔
ایئر پوڈز 5
ایپل نے ایئر پوڈز 5 میں کان کے اندر جانے والے ٹپس کے بغیر وہی ہلکا پھلکا ڈیزائن برقرار رکھتے ہوئے اندرونی نظام تبدیل کیا ہے۔ نئے ڈھانچے اور بہتر اڈاپٹو اکولائزیشن نظام کے باعث آواز کے معیار میں بہتری کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
اس بار  بہتر نوائز کینسلیشن کا دعویٰ کیا گیا ہے، جو گزشتہ ایئر پوڈز کے مقابلے میں 50 فیصد زیادہ شور کم کرسکتی ہے۔ شفافیت کا انداز بھی زیادہ قدرتی بنایا گیا ہے، جبکہ ذاتی نوعیت کی مقامی آواز اور براہِ راست ترجمے کی سہولت بھی موجود ہے۔

عام ماڈل شور میں کمی کے ساتھ 4 گھنٹے اور چارجنگ کیس کے ساتھ مجموعی طور پر 20 گھنٹے تک چلتا ہے اور اس کی قیمت 129 ڈالر ہے۔ دوسرا ماڈل 5 گھنٹے تک بیٹری، ٹچ والیم کنٹرول اور وائرلیس چارجنگ کیس کے ساتھ 149 ڈالر میں دستیاب ہوگا۔ دونوں ماڈلز کے پری آرڈر فوری شروع ہوں گے جبکہ دستیابی 18 ستمبر سے ہوگی۔
ایپل واچ سیریز 12 اور الٹرا 4
ایپل واچ سیریز 12 اور الٹرا 4 میں صحت سے متعلق سینسرز کو نمایاں طور پر بہتر کیا گیا ہے۔ کمپنی کے مطابق گھڑی اب دل کی دھڑکن پہلے کے مقابلے میں 60 گنا زیادہ بار جانچتی ہے، جس سے صحت اور ورزش سے متعلق معلومات زیادہ تفصیل سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔
نئے صحت نظام کے ذریعے دل کی دھڑکن اور اس میں تبدیلی، نیند، ورزش اور جسمانی تیاری سے متعلق مزید معلومات فراہم کی جائیں گی۔ گھڑی میں مصنوعی ذہانت پر مبنی سہولیات بھی شامل کی گئی ہیں، جن میں آوازوں کی شناخت اور ریکارڈ شدہ گفتگو کے اہم نکات سامنے لانے جیسی خصوصیات شامل ہیں۔
سیریز 12 میں 24 گھنٹے تک بیٹری، سیرامک شیلڈ 2 اور نئے رنگ دیے گئے ہیں۔ ایلومینیم ماڈل سپیس گرے، سیاہ، ہلکے سنہری اور گہرے کانسی کے رنگ میں، جبکہ ٹائٹینیم اور سیرامک ماڈلز بھی دستیاب ہوں گے۔

الٹرا 4 میں بڑی بیٹری کے باعث دو دن سے زیادہ بیٹری بیک اپ، مکمل جی پی ایس اور دل کی دھڑکن کے ساتھ 18 گھنٹے تک ورزش کی نگرانی، جبکہ نئے زیادہ دورانیے والے انداز میں 45 گھنٹے تک استعمال کی سہولت دی گئی ہے۔ یہ سیاہ اور قدرتی ٹائٹینیم رنگ میں آئے گی۔
ایپل واچ سیریز 12 کی ابتدائی قیمت 399 ڈالر جبکہ الٹرا 4 کی قیمت 799 ڈالر ہے۔ دونوں کے پری آرڈر فوری شروع ہوگئے ہیں اور 18 ستمبر سے دستیاب ہوں گی۔
آئی فون ڈیو: تقریب کا سب سے بڑا سرپرائز
تقریب کے اختتام پر ایپل نے ’’ایک اور چیز‘‘ کے اعلان کے ساتھ اپنا پہلا فولڈ ہونے والا آئی فون ڈیو متعارف کرایا، جس میں اب تک کے کسی بھی آئی فون کا سب سے بڑا ڈسپلے دیا گیا ہے۔

کھلنے پر اندرونی سکرین 7.6 انچ جبکہ باہر کی اسکرین 5.4 انچ ہے۔ دونوں سکرینیں ایک ہی تناسب رکھتی ہیں اور فولڈ ہونے کے بعد بیرونی سکرین عام آئی فون کی طرح استعمال کی جاسکتی ہے۔ بڑی سکرین پر بیک وقت دو ایپس چلانے کی سہولت بھی موجود ہے، جبکہ بعد میں ایپل پینسل کے ذریعے دونوں سکرینوں پر لکھنے اور خاکے بنانے کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔

ڈیو میں ٹائٹینیم فریم، سامنے سیرامک شیلڈ 2، پشت پر سیرامک شیلڈ اور آئی پی 68 پانی و گرد سے تحفظ دیا گیا ہے۔ فنگر پرنٹ کے ذریعے کھولنے کے لیے ٹچ آئی ڈی کو سائیڈ بٹن میں شامل کیا گیا ہے۔
فون میں اے 20 پرو چِپ اور نیا سی 2 مواصلاتی موڈیم دیا گیا ہے، جو گزشتہ نسل کے مقابلے میں 50 فیصد تک تیز اپ لوڈ اور بہتر سگنل کارکردگی فراہم کرتا ہے۔ یہ دنیا بھر میں صرف ای سم کے ساتھ دستیاب ہوگا۔

بیٹری دونوں حصوں میں تقسیم کی گئی ہے اور دونوں کو ایک ہی بیٹری کی طرح کام کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔ مکمل چارج پر اندرونی سکرین پر 31 گھنٹے، بیرونی سکرین پر 44 گھنٹے تک ویڈیو چلائی جاسکتی ہے، جبکہ دونوں سکرینوں کو یکساں استعمال کرنے پر 24 گھنٹے تک بیٹری ملنے کا دعویٰ ہے۔ تقریباً 20 منٹ میں 50 فیصد تک تیز چارجنگ بھی دستیاب ہے۔

کیمرا نظام میں 48 میگا پکسل مرکزی کیمرا، 48 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اور 2 گنا آپٹیکل معیار والا ٹیلی فوٹو کیمرا شامل ہے۔ سامنے اور پیچھے کے کیمروں سے بیک وقت تصویر یا ویڈیو بنانے کے لیے ڈوئل کیپچر اور بہتر سیلفی کے لیے بیرونی سکرین پر تصویر کا پیش منظر بھی دیا گیا ہے۔

آئی فون ڈیو دو رنگوں، سٹار وائٹ اور نائٹ سکائی میں آئے گا۔ اس کی ابتدائی قیمت 1,999 ڈالر ہے.

سٹوریج کی گنجائش 256 جی بی سے 2 ٹی بی تک ہوگی۔ پری آرڈر 16 اکتوبر سے شروع ہوں گے جبکہ فون 23 اکتوبر کو دستیاب ہوگا۔
 

شیئر: