آئی فون 18 سے پہلے 17 پر بڑی رعایت، کیا قیمتیں مزید کم ہوں گی؟
آئی فون 18 سے پہلے 17 پر بڑی رعایت، کیا قیمتیں مزید کم ہوں گی؟
منگل 8 ستمبر 2026 6:38
آئی فون 18 کی متوقع لانچ سے چند روز قبل 17 سیریز کی قیمتوں میں مزید کمی کردی گئی ہے (فوٹو:اے ایف پی)
آئی فون 18 کی متوقع لانچ سے چند روز قبل آئی فون 17 سیریز کی قیمتوں میں مزید کمی کردی گئی ہے جس کے بعد مختلف ممالک میں اس کے کئی ماڈلز پر نمایاں ڈسکاؤنٹ دستیاب ہے۔
امریکی جریدے فوربز کے مطابق ایپل کی جانب سے 9 ستمبر کو ہونے والے ایونٹ میں نئے آئی فونز اور فولڈ ایبل آئی فون متعارف کرائے جانے کی توقع ہے جس سے قبل مختلف ریٹیلرز آئی فون 17 کا سٹاک ختم کرنے کے لیے قیمتیں کم کر رہے ہیں۔
برطانیہ میں ایمیزون نے آئی فون 17 سیریز پر ڈسکاؤنٹ مزید بڑھا دیا ہے۔
آئی فون 17 پرو اور آئی فون 17 پرو میکس کی قیمت لانچ پرائس کے مقابلے میں 150 پاؤنڈ کم کر دی گئی ہے جبکہ گزشتہ ہفتے یہ رعایت 100 پاؤنڈ تھی۔
بنیادی آئی فون 17 پر بھی 100 پاؤنڈ کی کمی کی گئی ہے جبکہ آئی فون ایئر کے 512 جی بی ماڈل کی قیمت میں 200 پاؤنڈ کی کمی ہوئی ہے۔ برطانیہ میں کریز اور جان لیوس بھی آئی فون 17 پرو اور پرو میکس پر 100 پاؤنڈ کی رعایت دے رہے ہیں۔
یورپ میں بھی آئی فون 17 سیریز پر قیمتیں کم کی گئی ہیں۔
سپین میں میڈیا مارکٹ پر آئی فون 17 پرو میکس کے 256 جی بی ماڈل کی قیمت 150 یورو کم ہوکر 1319 یورو ہو گئی ہے جبکہ جرمنی میں آئی فون 17 پرو اور پرو میکس بالترتیب 1179 اور 1329 یورو میں دستیاب ہیں۔
سپین کے ایک اور ریٹیلر پی سی کمپونینٹس پر آئی فون 17 پرو کی قیمت 1229 یورو ہے جہاں 90 یورو کی بچت ہو رہی ہے۔
فوربزکے مطابق 9 ستمبر کو آئی فون 18 کے اعلان کے بعد موجودہ جنریشن کے آئی فون 17 پرو اور پرو میکس کو بند کیے جانے کا امکان ہے، اس لیے موجودہ رعایتیں آئی فون 17 پرو خریدنے کا آخری موقع بھی ہوسکتی ہیں۔
تاہم امریکہ میں ایپل کے سٹورز اور دیگر ریٹیلرز پر اس وقت ایسی عمومی رعایتیں دستیاب نہیں، سوائے موبائل کیریئرز کی مخصوص ڈیلز کے۔ موجودہ ڈسکاؤنٹس بنیادی طور پر برطانیہ، یورپ اور آسٹریلیا کے صارفین کے لیے ہیں۔
آئی فون 18 پرو کی قیمت موجودہ ماڈلز کے مقابلے میں 100 سے 200 ڈالر زیادہ ہونے کی توقع ہے (فوٹو:اے ایف پی)
دوسری جانب آئی فون 18 پرو کی قیمت موجودہ ماڈلز کے مقابلے میں 100 سے 200 ڈالر زیادہ ہونے کی توقع ہے۔
رپورٹس کے مطابق قیمتوں میں ممکنہ اضافے کی ایک بڑی وجہ میموری چپس کا جاری بحران ہے جس نے 2026 میں میک، آئی پیڈ اور اینڈرائیڈ فونز کی قیمتوں کو بھی متاثر کیا ہے۔
معیاری آئی فون 18 کی لانچ 2027 کے موسمِ بہار تک مؤخر ہونے کی توقع ہے جس کا مطلب ہے کہ رواں سال نیا آئی فون خریدنے والے صارفین کو پرو ماڈلز کے لیے زیادہ قیمت ادا کرنا پڑ سکتی ہے۔