خلا سے گرایا گیا آئی فون محفوظ رہا، موبائل کیس بنانے والی کمپنی کا گنیز ورلڈ ریکارڈ
خلا سے گرایا گیا آئی فون محفوظ رہا، موبائل کیس بنانے والی کمپنی کا گنیز ورلڈ ریکارڈ
جمعہ 28 اگست 2026 15:27
فون کو غبارے کے ذریعے بلندی پر پہنچا کر بغیر پیراشوٹ کے نیچے گرایا گیا۔(فوٹو:گنیز ورلڈ ریکارڈ)
موبائل فون کو خلا کے قریب یعنی فضا کی بالائی تہہ سے زمین پر گرا کر محفوظ رکھنے کا حیران کن تجربہ کامیاب ہوگیا، جس کے نتیجے میں موبائل کیس بنانے والی کمپنی رائنوشیلڈ نے گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کرلیا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ کے مطابق رائنوشیلڈ اور برطانیہ کی کمپنی ’سینٹ انٹو سپیس‘ نے 24 جون 2026 کو سویڈن کے شہر کیرونا میں یہ تجربہ کیا، جس میں موبائل فون کو 30 ہزار 607 میٹر یعنی تقریباً 30.6 کلومیٹر کی بلندی سے زمین پر گرایا گیا۔
فون کو ایک ہائی آلٹیٹیوڈ غبارے کے ذریعے فضا کی بالائی تہہ تک پہنچایا گیا، جہاں سے اسے بغیر پیراشوٹ کے آزادانہ طور پر نیچے گرایا گیا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کی شرط کے مطابق فون کیس کو براہ راست زمین سے ٹکرانا ضروری تھا اور پیراشوٹ سمیت کسی اضافی حفاظتی آلے کے استعمال کی اجازت نہیں تھی۔
موبائل کیسے محفوظ رہا؟
فون کو رائنوشیلڈ کے ’ایئر ایکس‘ کیس میں رکھا گیا تھا، جسے ایک ہی قابلِ ری سائیکل مواد سے تیار کیا گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق کیس کا ڈیزائن گاڑیوں کے ایئربیگز اور کھیلوں کے جوتوں میں استعمال ہونے والے ایئر کشن سے متاثر ہے۔
تجربے سے قبل کمپنی کی تحقیقاتی ٹیم نے کیس کو سخت حالات میں آزمایا۔(فوٹو:گنیز ورلڈ ریکارڈ)
تجربے سے قبل کمپنی کی تحقیقاتی ٹیم نے کیس کو سخت حالات میں آزمایا اور فضا کی بالائی تہہ میں پیش آنے والے حالات کے لیے تیاری کی۔
فون کی تلاش میں 5 گھنٹے لگ گئے
موبائل کو سویڈن کے ’ایس رینج سپیس سینٹر‘ کے قریب وسیع و عریض غیر آباد علاقے میں گرایا گیا تاکہ کسی شخص کو نقصان نہ پہنچے۔
فون کی لوکیشن تقریباً 2 کلومیٹر کے علاقے تک محدود کرنے کے باوجود اسے تلاش کرنے میں 5 گھنٹے سے زیادہ وقت لگا۔(فوٹو:گنیز ورلڈ ریکارڈ)
فون کی لوکیشن تقریباً 2 کلومیٹر کے علاقے تک محدود کرنے کے باوجود اسے تلاش کرنے میں ٹیم کو 5 گھنٹے سے زیادہ وقت لگا۔
سخت ہیلی کاپٹر پے لوڈ کی پابندیوں کے باعث ابتدائی تلاش کے لیے پائلٹ کے علاوہ صرف چار افراد، دو انجینئرز اور دو ویڈیو گرافرز، روانہ ہوئے۔
رائنوشیلڈ کے مطابق فون کو محفوظ حالت میں تلاش کرنا شدید اطمینان اور حیرت کا باعث تھا۔(فوٹو:گنیز ورلڈ ریکارڈ)
رائنوشیلڈ کے مطابق فون کو محفوظ حالت میں تلاش کرنا شدید اطمینان اور حیرت کا باعث تھا، کیونکہ تیز ہواؤں، گرنے کی رفتار اور زمین کی سطح جیسے عوامل ٹیم کے قابو سے باہر تھے۔
اس تجربے کے نتیجے میں رائنوشیلڈ اور سینٹ انٹو سپیس نے قدرتی زمینی سطح پر موبائل فون کو فون کیس سمیت سب سے زیادہ بلندی سے گرانے کا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کیا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ کے مطابق رائنوشیلڈ اور برطانیہ کی کمپنی ’سینٹ انٹو اسپیس‘ نے 24 جون 2026 کو سویڈن کے شہر کیرونا میں یہ تجربہ کیا۔(فوٹو:گنیز ورلڈ ریکارڈ)
کمپنی کا کہنا ہے کہ اس تجربے کا مقصد یہ ثابت کرنا بھی تھا کہ ماحول دوست اور 100 فیصد قابلِ ری سائیکل سنگل میٹریل مصنوعات مضبوطی اور پائیداری کے معاملے میں روایتی مصنوعات سے کم نہیں ہوتیں۔