Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خاشر پہاڑ: سرسبز دیہات، سیڑھی دار کھیتوں اور تاریخی ورثے کا مرکز

خاشر میں قدرتی مناظر اور قدیم طرزِ تعمیر کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملتا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
جازان ریجن کی الدائر کمشنری میں واقع خاشر پہاڑ کی چوٹی سیاحوں کو منفرد تجربہ فراہم کرتی ہے، یہاں موجود بلند و بالا پہاڑ، سرسبز دیہات اور تاریخی مقامات ایک ہی علاقے میں دیکھنے کو ملتے ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق خاشر پہاڑ کمشنری کے مرکزی علاقے سے تقریباً آٹھ کلو میٹر کی مسافت پر واقع ہے۔ اسے مرکزی علاقے سے ایک سڑک ملاتی ہے جس کے دونوں جانب پہاڑی ڈھلوانوں، کھیتوں اور بلندی پر آباد دیہات کے مختلف مناظر دکھائی دیتے ہیں۔
پہاڑ کی چوٹی سطح سمندر سے تقریباً 1660 میٹر بلند ہے۔ یہاں سے ’جبال آل قطیل‘، ’آل سلمی طلان‘ اور ’حبس‘ کے پہاڑی سلسلے دکھائی دیتے ہیں۔

بلند و بالا پہاڑ اور حد نگاہ تک پھیلا سبزہ قدرتی حسن کا شاہکار ہے (فوٹو: ایس پی اے) 

پہاڑوں کی چوٹیوں اور ڈھلوانوں پر رہائشی مقامات جبکہ ان کے نیچے میلوں تک پھیلی زرعی زمینیں ہیں۔ پہاڑی سڑکیں ان دیہات اور کھیتوں کو آپس میں ملاتی ہیں۔
چوٹی پر پہنچنے والے سیاح پہاڑوں، دیہات اور زرعی علاقوں کے وسیع مناظر مختلف زاویوں سے دیکھتے ہیں اور انہیں اپنے کیمروں میں محفوظ کرتے ہیں۔

پہاڑی سلسلے کے دلفریب مناظر سیاحوں کے لیے باعث کشش ہیں (فوٹو: ایس پی اے)

سیڑھی دار کھیت ’خاشر‘ پہاڑ کی خاص شناخت ہیں۔ یہ پہاڑی ڈھلوانوں کے وسیع رقبے پر پھیلی ہوئی ہیں اور مختلف سطحوں پر واقع دیہات اور گھروں کو گھیرے ہوئے ہیں۔ یہاں مملکت کی معروف کافی کے علاوہ کیلے، مالٹے اور لیموں کے درخت بھی بکثرت پائے جاتے ہیں۔
پہاڑ پر متعدد تاریخی مقامات بھی موجود پیں جن میں قلعہ الظاہر نمایاں ہے۔ اس کے علاوہ قدیم پتھریلی عمارتیں بھی موجود ہیں جو پہاڑی طرزِ تعمیر، مقامی پتھروں کے استعمال اور دشوار گزار پہاڑی علاقوں کے مطابق تعمیرات کے مقامی فن کی عکاسی کرتی ہیں۔

پہاڑی ڈھلوانوں پر سعودی کافی کے سیڑھی دار کھیت دلکش مناظر پیش کرتے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)

خاشر پہاڑ سیاحتی مقامات کی ان خصوصیات کی نمائندگی کرتا ہے جہاں سیر و تفریح، قدرتی مناظر کی عکاسی اور قدیم طرزِ تعمیر کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملتا ہے۔

شیئر: