Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جازان ریجن کا جنگلی پودا ’الغلف‘ مقامی پکوان اور ورثے کا حصہ

پتوں کو دھو کر انہیں کوٹنے کے بعد تل کے تیل میں پکایا جاتا ہے(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
جازان ریجن اپنے متنوع نباتات کی وجہ سے منفرد و جدا شناخت کا حامل ہے۔ یہاں کے جنگلی پودوں میں ’الغلف‘ نمایاں ہے، اس کی بیلیں درختوں اور چٹانوں پرپھیلتی ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق ’الغلف‘ نامی یہ پودا صرف قدرتی ماحول تک ہی محدود نہیں بلکہ زمانہ قدیم سے ہی مقامی پکوانوں کی تیاری کے حوالے سے بھی مشہور ہے۔
’الغلف‘ نامی پودے کا سائنسی نام ’سیسس روٹنڈی فولیا‘ ہے جو انگور کے خاندان سے تعلق رکھتا ہے۔ یہ ایک طرح کی جنگلی بیل ہے جو مملکت کے جنوب مغربی علاقوں میں پائی جاتی ہے۔
اس پودے کے گودے دار اور بیل نما تنے کی لمبائی 5 سے 10 میٹر تک پہنچ سکتی ہے ، جبکہ اس کی چوڑائی تقریبا ڈیڑھ سینٹی میٹر ہوتی ہے۔ یہ پودا چٹانوں اور زمین پر پھیلتا ہے۔
جازان یونیورسٹی کے شعبہ حیاتیات کے پروفیسر ڈاکٹر یحیی مسرحی نے بتایا کہ الغلف کے پتے موٹے اور گودے سے بھرے ہوتے ہیں، ان کی شکل تقریبا گول اور کنارے کٹاو دار ہوتے ہیں۔
پودے کی خاصیت یہ ہے کہ اس کے پتے پانی کو جذب اور ذخیرہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اسی وجہ سے یہ خشک موسم میں بھی اپنے آپ کو ماحول کے مطابق ڈھال سکتاہے۔

الغلف پودے پر چھوٹے بیضوی شکل کے پھل بھی لگتے ہیں(فوٹو، ایس پی اے)

پھول آنے کے بعد الغلف پر چھوٹے بیضوی شکل کے پھل لگتے ہیں، جو ابتدا میں سبز ہوتے ہیں اور پکنے کے ساتھ گہرے سرخ بلکہ بعض اوقات سیاہی مائل رنگ اختیار کرلیتے ہیں، انکے اندر ایک بیج ہوتا ہے جس کے گرد زردی مائل نارنجی رنگ کا گودا ہوتا ہے۔
جازان میں الغلف کی اہمیت صرف ایک جنگلی پودے تک محدود نہیں بلکہ یہ مقامی خاص کر پہاڑی اور دیہی علاقوں میں رہنے والوں کے غذائی ورثے کا بھی حصہ ہے۔ لوگ اس کے پتوں اور شاخوں سے مختلف علاقائی پکوان تیار کرتے ہیں یہ طریقہ نسل در نسل منتقل ہوتا آیا ہے۔
الغلف کو بعض علاقوں میں ’حنیذ‘ (عربی پکوان) تیار کرنے کےلیے استعمال کیا جاتا ہے، خصوصا تہامہ کے میدانوں اور پہاڑی علاقوں میں۔
اس پودے کے پتوں کو دھو کر انہیں ہاون دستے میں کوٹا جاتا ہے بعدازاں تل کے تیل میں اسے بھونا جاتا ہے۔ بعض اوقات اس میں مرچ بھی شامل کی جاتی ہے۔ اس کا ذائقہ کھٹا کسی حد تک لیموں سے مشابہت رکھتا ہے۔ اس سے تیار ہونے والے ساگ نما سالن کو روٹی کے ساتھ کھایا جاتا ہے۔
ماحولیاتی اعتبار سے بھی ’الغلف‘ جازان کے متنوع جغرافیائی ماحول سے جڑی نباتاتی زندگی کا اہم حصہ ہے۔ یہ مختلف قدرتی مقامات پر اگتا ہے اور درختوں اور جھاڑیوں کے درمیان پھیلتا ہے۔
جازان کے علاقوں میں یہ پودا آج بھی مقامی دسترخوانوں کا حصہ مانا جاتا ہے جس کی روایت صدیوں پر محیط ہے۔

شیئر: