سعودی عرب میں آئس کریم شاپس کے لیے نئے ضوابط کیا ہیں؟
اتوار 4 اکتوبر 2026 18:31
معیار اور خدمات کو بہتر بنانے کے لیے ضوابط کو اپ گریڈ کیا گیا ہے ( فائل فوٹو)
سعودی وزارتِ بلدیات و ہاؤسنگ نے آئس کریم کی دکانوں کے آپریشن کو کنٹرول کرنے کے لیے نئے ضوابط جاری کیے ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت نے آئس کریم کے کاروبار کے شعبے کو منظم کرنے، فوڈ سیفٹی، سرمایہ کاروں کے لیے معیار اور خدمات کو بہتر بنانے کے لیے ضوابط کو اپ گریڈ کیا ہے۔
وزارت نے لائسنس، دکان کے محل وقوع اور ساز وسامان کے حوالے سے شرائط متعین کی ہیں۔ ان میں سعودی بلڈنگ کوڈ، معیار، فائرفائٹنگ سے متعلق ضوابط ، سائن بورڈز اور دکان کے ڈیزائن سے متعلق شرائط شامل ہیں۔
نئے ضوابط میں مصنوعات کی وصولی سے لے کر سٹوریج، تیاری اور انہیں پیش کرنے تک فوڈ سیفٹی شامل ہے جس میں درجہ حرارت کا کنٹرول، الرجی کے اجزا کی معلومات، صفائی اور سینٹیائزنگ کا طریقہ کار شامل ہے۔
آئس کریم شاپس کے ملازمین کے حوالے سے بھی نئی شرائط ہیں جن میں ملازمین کے لیے ہیلتھ سرٹیفکیٹس کا حصول، ذاتی صفائی برقرار رکھنا، حفاظتی لباس اور فوڈ سیفٹی کے طریقوں پرعمل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
وزارت نے واضح کیا کہ آئس کریم شاپس پر ڈیجیٹل ادائیگی کا طریقہ اختیار کرنا اور معیاری کو آر کوڈز استعمال کرنا بھی ضروری ہوگا۔
وزارت نے کہا کہ اپ ڈیٹ کیے جانے والے ضوابط میں آئس کریم شاپس کے قیام اور آپریشن کے دوران سرمایہ کاروں اور کاروباری مالکان کی ذمہ داریوں کا تعین کیا گیا ہے۔
