Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں چوبیس گھنٹے کمرشل سرگرمیوں کے لیے نئے ضوابط، پرمٹ کی فیس کتنی؟

پرمٹ کی فیس سالانہ ایک لاکھ ریال سے زائد نہیں ہوگی۔ (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی وزارتِ بلدیات و ہاوسنگ نے کابینہ کے فیصلے پر عمل کرتے ہوئے بعض کمرشل سرگرمیوں کو 24 گھنٹے جاری رکھنے کے نئے ضوابط کی منظوری دی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق وزرات کا کہنا ہے ’ایسی تجارتی سرگرمیاں جو 24 گھنٹے کی بنیاد پر جاری رکھی جائیں گی، ان کے پرمٹ کی فیس متعین کی جائے گی جو سالانہ ایک لاکھ ریال سے زائد نہیں ہوگی۔‘
وزیر بلدیات و ہاوسنگ کو اداروں کا جائزہ لینے کے بعد سالانہ بنیاد پر فیس کا تعین کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔
 ضوابط میں کہا گیا ’چوبیس گھنٹے کمرشل سرگرمیوں کے لیے میونسپلٹی اور علاقہ پولیس سے بھی این او سی حاصل کرنا ہوگا جنہیں بلدی ایپ سے لنک کیا جائے گا۔‘
اضافی ٹائمنگ کے لیے خصوصی پرمٹ درکار ہوگا وہ نصف شب (رات 12) کے بعد سے صبح 5 بجے تک ہیں، رمضان المبارک اور عیدین کے ایام  پرمٹ سے مستثنی ہوں گے۔
علاوہ ازیں وزارتِ افرادی قوت کا کہنا ہے ’کمرشل اداروں کے مالکان پر لازم ہوگا کہ وہ قانونِ محنت کے مطابق اضافی کام لینے کی صورت میں کارکنوں کو مقرر حساب سے اوور ٹائم دیں۔‘

اوور نائٹ کمرشل سرگرمیوں کے لیے بعض ادارے فیس سے مستثنی ہوں گے، ان میں پیٹرول سٹیشنز، بیرون شہر پیٹرول اور سروس سینٹر، ہوٹل اور فرنشڈ اپارٹمنٹس، شادی ہال، میڈیکل اینڈ ایجوکیشنل سروس وغیرہ جو بنیادی ضروریات میں شامل ہیں۔
بلدیہ کو کمرشل مقامات اور شاہراہوں کا تعین کرنے کا اختیار دیا گیا ہے جہاں تجارتی دکانیں چوبیس گھنٹے کھولی جاسکتی ہیں، اس بات کی بھی یقین دہانی کی جائے کہ رہائشی علاقوں کے لوگ ان تجارتی سرگرمیوں سے پریشان نہ ہوں۔

 

شیئر: